آئندہ ماہ میٹرو پولِس کانفرنس کی بڑے پیمانے پر تیاریاں
حیدرآباد 9 سپٹمبر (سیاست نیوز) آئندہ ماہ شہر میں منعقد ہونے جارہی میٹرو پولس کانفرنس کے سلسلہ میں شہر کی سڑکوں کو خوبصورت بنانے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں گنیش وسرجن جلوس کے اختتام کا انتظار کیا جارہا تھا، اب جبکہ گنیش وسرجن جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر ہوچکا ہے تو اُس کے ساتھ ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے شہر کی سڑکوں کو خوبصورت بنانے کے عمل کا جنگی خطوط پر آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اکٹوبر میں منعقد ہورہی میٹرو پولس کانفرنس کے سلسلہ میں جن سڑکوں کو بہتر بنانے کی نشاندہی کی گئی اُن میں دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں 22 اہم سڑکیں شامل ہیں، جن کے تعمیری و مرمتی کاموں کے ساتھ ساتھ اِن سڑکوں پر موجود ڈیوائیڈرس کو رنگ و روغن کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ حیدرآباد کی اہم ترین سڑک امیرپیٹ تا چارمینار براہ نامپلی، معظم جاہی مارکٹ اور افضل گنج کے تعمیری و مرمتی کاموں کی جاریہ ماہ کے اختتام تک تکمیل متوقع ہے۔ اِسی طرح کوٹھی، چادرگھاٹ، عابڈس، حمایت نگر کی سڑکوں کے تعمیری و مرمتی کاموں کو قبل ازوقت مکمل کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز چارمینار تا چندرائن گٹہ براہ شاہ علی بنڈہ، لال دروازہ، انجن باؤلی، فلک نما سڑک کی بھی تعمیر کے سلسلہ میں منظوری دی جاچکی ہے اور امکان ہے کہ آئندہ 2 تا 3 یوم میں اِس سڑک پر بھی تعمیری کاموں کا آغاز کردیا جائے گا۔ جن راستوں سے گنیش جلوس گزرنے کے امکانات کم تھے اُن سڑکوں پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے تعمیری و مرمتی کام جاری تھے اور کئی علاقوں میں اِن کاموں کی تکمیل ہوچکی ہے۔ 15 اگسٹ کو گولکنڈہ قلعہ پر یوم آزادی تقاریب کے انعقاد کے باعث گولکنڈہ تا ٹولی چوکی براہ گنبدان قطب شاہی سڑک کی تعمیر و مرمت ہوچکی ہے۔ اِسی لئے اِس سڑک پر دوبارہ تعمیری کاموں کی ضرورت باقی نہیں ہے۔ اِسی طرح ریتی باؤلی، مہدی پٹنم تا لنگرحوض کی اہم سڑک پر بھی مرمتی کام گزشتہ ماہ کئے گئے ہیں لیکن جن مقامات پر حالیہ بارش کے باعث سڑکیں خراب ہوئی ہیں اُن کے مرمتی کاموں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے ماہ اکٹوبر کے پہلے ہفتہ میں منعقد ہونے والی میٹرو پولس کانفرنس کے مندوبین کی آمد سے قبل تمام ترقیاتی و تعمیری کام مکمل کرلینے کی ماتحتین کو ہدایات جاری کی جاچکی ہیں اور اُنھیں اِس بات کی تاکید کی گئی ہے کہ وہ جاریہ ماہ کے اختتام سے قبل تمام تعمیری و ترقیاتی کاموں کے متعلق رپورٹ اپنے اعلیٰ عہدیداروں کو پیش کریں۔