شہر کی روٹس پر آر ٹی سی اے سی بسوں کا اضافہ

حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد شہر میں ایرکنڈیشنڈ بسوں میں اضافہ ہوگا ۔ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے گریٹر حیدرآباد زون نے شہر کی سڑکوں پر چلنے والی ایرکنڈیشنڈ بسوں میں ہجوم کے پیش نظر ایرکنڈیشنڈ بسوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عہدیداروں کے مطابق طویل مسافتی سٹی روٹس پر آر ٹی سی کی ایرکنڈیشنڈ بسوں میں مسافرین کی بڑی تعداد سفر کررہی ہے ۔ آر ٹی سی گریٹر حیدرآباد زون کے 29 ڈپوز سے مختلف روٹس پر اس وقت 165 اے سی بسیں چلائی جارہی ہیں ۔ شروع میں اے سی بسیں چلانے سے آر ٹی سی کو یومیہ 4 لاکھ روپئے کا نقصان ہورہا تھا ۔ اب اے سی بسوں میں سفر کو مسافرین ترجیح دے رہے ہیں ۔ روٹ نمبر 218 دلسکھ نگر ، لنگم پلی ، ملک پیٹ ، کوٹھی ، لکڑی کا پل ، امیر پیٹ اور روٹ نمبر 221 لنگم پلی ، ایل بی نگر پر مسافرین کا رش بڑھ گیا ہے ۔ آر ٹی سی گریٹر حیدرآباد زون ایکزیکٹیو ڈائرکٹر اے پرشوتم نائک نے کہا کہ مختلف روٹس پر رش کے پیش نظر بسوں کی تعداد کا تعین کیا جارہا ہے ۔ جن روٹس پر ایسی بسوں کی مانگ ہے وہاں یہ بسیں چلائی جائیں گی ۔۔