شہر کی دو عیدگاہوں میں آج نماز استسقاء، عامتہ المسلمین سے شرکت کی اپیل

حیدرآباد ۔ 5 جولائی (پریس نوٹ) جناب مولوی سید عبدالواحد ٹرسٹی الاسماء الحسنیٰ ریسرچ سنٹر کی اطلاع کے بموجب مدرسہ صوفیہ حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد کی دو عیدگاہوں (1) عیدگاہ میرعالم اور (2) قدیم عیدگاہ مادنا پیٹ میں 6 جولائی اتوار کو صبح 9 بجے نماز استسقاء کا اہتمام کیا گیا ہے۔ عیدگاہ میرعالم پر پروفیسر ڈاکٹر مولانا سید محمد تنویرالدین خدانمائی ڈائرکٹر مدرسہ صوفیہ اور قدیم عیدگاہ مادناپیٹ پر مولانا سید شاہ داؤد مدنی خطبہ استسقاء دیں گے اور نماز استسقاء پڑھائیں گے اور باران رحمت کے نزول کیلئے عاجزی، انکساری سے دعا کی جائے گی۔ مصلیان کرام سے خواہش کی جاتی ہیکہ اپنے ساتھ جانماز ضرور ساتھ لائیں چونکہ نماز استسقاء ادا کرنے کے بعد جب امام مصلی (جانماز) کو الٹ دے (یعنی اوپر کا حصہ زمین کی طرف پلٹ کر بچادے) تو نمازی بھی ایسا کریں پھر دعا ہوگی۔
00 اس سال موسم بارش کے ایک ماہ گزر جانے کے بعد بھی بارش نہیں ہوئی۔ سارے تالاب اور کنویں اور بورویل سوکھ رہے ہیں۔ ایسے وقت میں اللہ کو راضی کرنے کیلئے ہم تمام کو اپنے گھروں سے نکل کر ایک کھلے میدان میں عاجزی و انکساری کرتے ہوئے نماز استسقاء ادا کرنا اور گڑگڑا کر اللہ سے معافی مانگنا اور بارش طلب کرنا چاہئے۔ اس کیلئے شہری جمعیت اہلحدیث حیدرآباد و سکندرآباد کی جانب سے 6 جولائی اتوار کو عیدگاہ بلالی ہاکی گراونڈ مانصاحب ٹینک پر نماز استسقاء کا انتظام کیا جارہا ہے۔ نماز ٹھیک 6-45 بجے صبح ادا کی جائے گی۔ استسقاء کیلئے آتے وقت جائے نماز ساتھ لائیں اور پھٹے پرانے کپڑے پہن کر عاجزی و انکساری کے ساتھ آئیں۔