شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیلئے سڑکوںپر ایل ای ڈی لائٹس

مرکزی حکومت کے پراجکٹ پر جی ایچ ایم سی کی جانب سے عمل آوری
حیدرآباد 9 سپٹمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد کی اہم سڑکوں کو بہت جلد موجودہ اسٹریٹ لائٹس کی جگہ ایل ای ڈی اسٹریٹ لائٹس نظر آئیں گی۔ شہری علاقوں میں حکومت کی جانب سے برقی بچت اقدامات کے علاوہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کے لئے ایل ای ڈی لائٹس کے استعمال کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اِس منصوبہ پر مکمل عمل آوری سے قبل پائلیٹ پراجکٹ کے طور پر شہر میں 700 اسٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی میں تبدیل کرتے ہوئے تجربہ کیا جائے گا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے تیار کردہ اِس پراجکٹ پر عمل آوری کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں 700 اسٹریٹ لائٹس کی تبدیلی کے ذریعہ ایل ای ڈی کی تنصیب کے تجربہ کا اکٹوبر کے پہلے ہفتہ میں آغاز ہونے کا امکان ہے۔ اِس پراجکٹ کے ذریعہ نہ صرف برقی بچت یقینی بنائی جاسکے گی بلکہ شہر کی اہم سڑکوں کی خوبصورتی میں اضافہ کے اقدامات بھی کئے جاسکیں گے۔ ہائی ٹیک سٹی کے علاوہ اطراف کے دیگر علاقوں کے ساتھ ساتھ چندرائن گٹہ سڑک پر یہ ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کا کام پائلیٹ پراجکٹ کے تحت کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ 700 اسٹریٹ لائٹس کی ایل ای ڈی میں تبدیلی کے لئے 1.2 کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور اِس اقدام سے 45 تا 55 فیصد برقی بچت کو یقینی بنائے جانے کا امکان ہے۔ تجرباتی اساس پر کئے جارہے اِس منصوبہ پر عمل کے دوران برقی بچت کے علاوہ ایل ای ڈی اسٹریٹ لائٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد شہر کے دیگر علاقوں تک اِسے توسیع دیئے جانے کا امکان ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں فی الحال جملہ 3,27,000 اسٹریٹ لائٹس موجود ہیں جن کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے علاوہ اُن کے بروقت کھولنے یا بند کرنے کے سلسلہ میں کئی مسائل پیش آتے ہیں۔ اسٹریٹ لائٹس کی جگہ ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کے عمل کے دوران 3 لاکھ 27 ہزار اسٹریٹ لائٹس کے نیٹ ورکس کو 5 حصوں میں منقسم کرتے ہوئے ایک نیٹ ورک تیار کیا جاسکتا ہے جس پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ محکمہ برقی کے عہدیدار غور و خوض کررہے ہیں۔Light-Emitting Diode (ایل ای ڈی) کے استعمال کے ذریعہ برقی بچت کو یقینی بنانے کی ملک بھر میں ترقی یافتہ شہروں میں کوشش کا عمل جاری ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں فی الحال اسٹریٹ لائٹس کی جگہ جو بلب لگائے گئے ہیں وہ 250 واٹ کے ہیں اور اِس میں جو برقی کھپت ہورہی ہے وہ کافی زیادہ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 150 واٹس کے ایل ای ڈی بلب کے ذریعہ 250 واٹ کی روشنی حاصل ہونے کا قوی امکان ہے اور اِن تمام اُمور کا جائزہ لینے کے بعد ہی پائلیٹ پراجکٹ کو منظوری دی گئی ہے۔ حکومت تلنگانہ نے شہری علاقوں میں مرکز کے اِس پراجکٹ کو قابل عمل بنانے کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کا آغاز کردیا ہے تاکہ شہری علاقوں میں برقی بچت کے ذریعہ پیداوار اور کھپت میں موجود تفاوت کو دور کیا جاسکے۔