شہر کو ’ صاف حیدرآباد شاندار حیدرآباد ‘ بنانے کی اپیل

کوکٹ پلی جی ایچ ایم سی کی مہم ، کمشنر بلدیہ دانا کشور کا عہدیداروں کے ساتھ خطاب
حیدرآباد۔15مئی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں شجرکاری کے فروغ کے علاوہ ’صاف حیدرآباد شاندار حیدرآباد‘ کے منصوبہ کے تحت کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے آج کوکٹ پلی کے علاقہ میں مہم میں حصہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہر حیدرآباد میں ہریتا ہرم منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے ساتھ ساتھ شہر کی سڑکوں پر شجرکاری اور سڑکوں کی صفائی کو ممکن بنانے کے اقدامات کریں کیونکہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر حیدرآباد کو ملک کے صاف اور شاندار شہروں کی فہرست میں شامل کروانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور ان اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے جی ایچ ایم سی عہدیدارو ں اور ملازمین کو چاہئے کہ وہ اپنے علاقہ کے عوام سے تعاون حاصل کریں اور شہر میں ہونے والی تبدیلیوں کے متعلق شہریوں سے مذاکرات کرتے ہوئے شہر کو صاف و شفاف بنانے میں ان کے کردار کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کریں۔کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے اپنے دورہ کے دوران مختلف علاقو ںمیں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہر میں کسی بھی مقام پر کچہرے کے جمع ہونے کا انتظار نہ کریں اور کچہرے کی فوری نکاسی کے اقدامات کو یقینی بناتے ہوئے کچہرے کو منتقل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔انہو ں نے سڑکوں پر کچہرا نہ ڈالنے کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد کے رہائشی یا تجارتی علاقہ میں کچہرا سڑک پر ڈالے جانے کی صورت میں سخت کاروائی کا منصوبہ ہے لیکن اس سے قبل جی ایچ ایم سی کی جانب سے عوام میں شعور بیدار کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔