شہر و نواحی علاقوں میں زلزلہ کے معمولی جھٹکے ‘ عوام میں خوف کی لہر

حیدرآباد /23 جنوری ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں اور سائبر آباد کے مختلف نواحی علاقوں میں آج رات زلزلہ کے معمولی سے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے بعد عوام میں خوف و دہشت کی لہر پیدا ہوگئی اور کئی مقامات پر عوام کے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے ۔ لوگ ایک دوسرے کو فون کالس کرتے ہوئے زلزلہ کے جھٹکوں کے تعلق سے معلومات حاصل کر رہے تھے ۔ روزنامہ سیاست کو بھی سینکڑوں کی تعداد میں عوام نے فون کالس کرتے ہوئے زلزلہ کے تعلق سے معلومات حاصل کیں۔ رات دیر گئے تک عوام کی بڑی تعداد اپنے گھروں سے باہر دیکھی گئی اور ایک دوسرے سے معلومات حاصل کر رہے تھے ۔ بعض افراد نے زور دار آواز سننے کا بھی ادعا کیا اور کہا کہ اس آواز کے ساتھ ہی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ رات تقریباً 10 بجکر 50 منٹ سے گیارہ بجے کے درمیان ایک زوردار آواز کے ساتھ زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ زلزلہ کے یہ جھٹکے نہ صرف حیدرآباد بلکہ سائبرآباد کے کئی علاقوں میں محسوس کئے گئے ۔ چندرائن گٹہ کے علاوہ داس اسکول کی بستی میں چار تا 5 مکانات میں زلزلہ کے جھٹکے سے دیواروں میں دراڑ پڑھ گئی ۔ حسن نگر ، بنڈلہ گوڑہ ، راجندر نگر ، ہاشم آباد ، رنمسٹ پورہ ، جہا نماں ، شاستری پوری ، کشن باغ ، گولکنڈہ قلعہ کے علاوہ اپل اور ایل بی نگر علاقوں میں زلزلہ کے خفیف جھٹکے اور خوفناک آواز کی توثیق ہوئی ۔ رات دیر گئے زلزلہ کے ان جھٹکوں سے شہر و سائبرآباد کی عوام میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا اور غوام جلد اپنے مکانات کو واپس ہونے لگے ۔ بازار بھی جلد بند ہوگئے اور اکثر عوام نے رات اپنی بستیوں میں مکانات کے باہر گذاری اور بے چینی اور خوف کے ماحول میں رہے ۔ ذرائع کے مطابق بنڈلہ گوڑہ ، عثمان پورہ ، کاماٹی پورہ ، حسن نگر ، عماد نگر ، وادی محمود ، میر مومن پہاڑی ، قلعہ گولکنڈہ کے مکانات پر زلزلہ کے خفیف جھٹکوں کی توثیق کی گئی ۔ تاہم زلزلہ کے جھٹکوں میں کسی کے زخمی ہونے کی یا کسی بڑے مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے ۔