شہر و نواحی علاقوں میں آوارہ کتوں کی کثرت

دواخانہ میں کتوں کا حملہ ‘لڑکی کی حالت نازک‘بلدیہ کی مجرمانہ غفلت
حیدرآباد 3 اپریل (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں آوارہ کتوں کی کثرت اور آئے دن شہریوں پر حملہ کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ کل ایل بی نگر میں آوارہ کتوں کی دہشت کے بعد آج شہر کے مصروف سرکاری دواخانہ گاندھی ہاسپٹل میں کتوں کے حملہ کا سنگین واقعہ پیش آیا ایک طرف ہاسپٹل سکیوریٹی کی مبینہ ہراسانی عدم صفائی اور گندگی سے پریشان مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کو اب کتوں سے خطرہ لاحق ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کل رات کتوں کے حملہ میں زخمی کمسن لڑکی کی حالت تشویش ناک ہے اور حالانکہ اس حملہ میں زخمی افراد کا علاج جاری ہے ۔ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں کتوں کی بہتات کا مسئلہ انسانی حقوق کمیشن سے رجوع ہوا تھا تاہم شہر میں اسی طرح کی لاپرواہی اور بلدیہ کی مجرمانہ غفلت جاری ہے ۔ گریٹر حیدرآباد حدود کے علاوہ قدیم بلدیہ حیدرآباد میں آوارہ کتوں کی کثرت سے شہریوں میں خوف پایا جاتا ہے ۔ اکثر رات کے اوقات راہگیروں کو آوارہ کتے اپنی دہشت کا شکار بنا رہے ہیں ۔ اس خصوص میں بلدی کمشنر کا کہنا ہے کہ بلدیہ اقدامات کررہا ہے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بلدیہ کے موقف کی بھر پور مدافعت کرنے کے بعد کمشنر اور اسپیشل آفیسر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مسٹر سومیش کمار کا کہنا ہے کہ بلدیہ کی جانب سے ریبیس ویاکسن کا استعمال کیا جارہا ہے اور کتوں کے برتھ کنٹرول پر توجہ دی جارہی ہے اور کتوں کے آپریشن انجام دیئے جارہے ہیں اور ویاکسن دیا جارہا ہے ۔کمشنر جی ایچ ایم سی نے کہا کہ جانوروں کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے بلدیہ کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔