حیدرآباد ۔ 29 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے ایک سو دن ایکشن پلان عمل آوری کے نتیجہ میں گریٹر حیدرآباد میں کم و بیش 35 ہزار گھروں کو ایک سو دن کے اندر نئے واٹر کنکشن دئیے جائیں گے ۔ واٹر سپلائی بورڈ کی طرف سے شاستری پورم بڈویل گولڈن ہائٹس اور سلیمان نگر ( راجندر نگر سرکل ) میں 6 نئے آبی ذخائر قائم کرنے کی وجہ سے یہ ممکن ہوا ہے ۔ کوکٹ پلی سرکل میں کے پی ایچ بی کالونی اور بارکس میں بھی نئے آبی ذخائر تعمیر کئے گئے ہیں اس طرح آبرسانی کا موقف بہتر کیا جارہا ہے اور شہر میں 35 ہزار نئے واٹر کنکشن دئیے جارہے ہیں ۔ سلیمان نگر میں 2 ہزار ، بارکس میں 5 ہزار اور کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ کالونی میں پانچ ہزار نئے آبرسانی کنکشن دئیے جائیں گے ۔ بنڈلہ گوڑہ چندرائن گٹہ میں تقریبا 3 ہزار خاندانوں کو نئے واٹر کنکشن مہیا کئے جائیں گے ۔۔