حیدرآباد 29 جنوری ( این ایس ایس ) دونوں شہروں میں 2 فبروری کو جی ایچ ایم سی انتخابات کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر نے آج شہر میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ دونوں شہروں میں انتخابات کے دوران نظم و قانون اور امن کو برقرار رکھنے کمشنر پولیس نے امتناعی احکام نافذ کردئے ہیں۔ ان احکام کے تحت کسی طرح کے اجتماع یا جلوس کی اجازت نہیں رہیگی ۔ اس کے علاوہ لاٹھیاں یا کسی طرح کے پرچم ‘ آتشیں اسلحہ یا دوسرے ہتھیار وغیرہ بھی رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ پولنگ بوتھ سے ایک کیلومیٹر کے احاطہ میں افراد کے اجتماع پر بھی پابندی رہیگی ۔ یہ امتناعی احکام 31 جنوری کی شام 4 بجے سے 3 فبروری کی صبح 6 بجے تک نافذ رہیں گے ۔ اس کے علاوہ عوامی مقامات پر کسی طرح کے شامیانے ‘ پنڈالس یا خناط باندھے جانے پر بھی امتناع عائد کردیا گیا ہے ۔ مائیک کے استعمال پر بھی پابندی رہے گی ۔ ان احکام سے ڈیوٹی پر پولیس عملہ ‘ فوجی اور نیم فوجی عملوں ‘ ہوم گارڈز ‘ الیکشن حکام کو استثنی حاصل رہے گا ۔