حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع اور شہر حیدرآباد میں گزشتہ چار دن کے دوران وقفہ وقفہ سے ہونے والی بارش کے سبب عام زندگی جزوی طور پر متاثر ہوئی ہے۔ شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 61.4 ملی میٹر بارش ہوئی جو اب تک کی سب سے زیادہ بارش کا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ شہر میں اس سے قبل 24 گھنٹوں کی مدت میں سب سے زیادہ 60.7 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔ 10 سال قبل 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 41.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ لیکن حالیہ بارش نے ماضی کے ان تمام ریکارڈس کو توڑ دیا ہے۔ بارش کے سبب شہر کا درجہ حرارت نمایاں کمی کے ساتھ 26.1 ڈگری سنٹی گریڈ تک گھٹ گیا۔