شہر میں 20 تھیٹرس پر دھاوے ‘54 مقدمات درج

کینٹین میں اضافی قیمتوںکی وصولی کے خلاف خصوصی مہم
حیدرآباد۔2 اگسٹ(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے محکمہ اوزان و پیمائش کی جانب سے ملٹی پلیکس تھیٹرس اور شاپنگ مالس کو جاری کردہ رہنما خطوط کی اجرائی کے بعد آج جی ایچ ایم سی حدود میں 20تھیٹر س پر دھاوے کرکے 54مقدمات درج کئے ۔ملٹی پلیکس کینٹین میں اشیائے خورد و نوش کی فروخت میں بے قاعدگیوں اور اضافی قیمتوں کی وصولی کے خلاف انتباہ دیتے ہوئے تھیٹر مالکین میں شعور بیداری مہم چلائی گئی تھی اس کے باوجود اضافی قیمتوں کی وصولی پر کاروائی کے دوران 18 تھیٹرس کے خلاف مقدمات درج کئے گئے اور کئی تھیٹرس میں کولڈ ڈرنک مشینوں و چائے کافی کی مشینوں کو مہر بند کردیا گیا۔ اسسٹنٹ کنٹرولرز محکمہ اوزان و پیمائش کی نگرانی میں ان دھاؤوں میں 30عہدیداروں نے حصہ لیا ۔ 3اگسٹ کو بھی دھاؤوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔2اگسٹ کو جن مقامات پر دھاوے کئے گئے ان میں پرساد آئی میکس ‘ پی وی آر (گیلولو)‘ پی وی آر (آئی کان) ‘ بگ سنیما‘ ایشین سنیما‘ سینی پولس کے علاوہ دیگر تھیٹرس شامل ہیں۔ محکمہ نے فلم بینوں ‘ عوام اور صارفین سے اپیل کی کہ وہ اضافی قیمتوں کی وصولی یا ناپ تول کی کمی کے سلسلہ میں کوئی بھی شکایات ٹول فری نمبر 180042500333 پر یا بھی واٹس اپ نمبر 7330774444پر روانہ کریں تاکہ کاروائی کو ممکن بنایا جاسکے۔