شہر میں 16 مئی سے سوچھ حیدرآباد پروگرام

گورنر اور چیف منسٹر ، وزراء اور ارکان اسمبلی حصہ لیں گے
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : مرکزی حکومت کے سوچھ بھارت پروگرام کے خطوط پر ریاستی حکومت تلنگانہ نے 16 مئی سے ’ سوچھ حیدرآباد ‘ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر کمرشیل ٹیکسیس مسٹرٹی سرینواس یادو نے اس بات کا اعلان کیا اور بتایا کہ 16 تا 20 مئی شہر حیدرآباد میں ’ سوچھ حیدرآباد ‘ پروگرام منظم کیا جائے گا ۔ اس پروگرام میں گورنر تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن ، چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، وزراء ارکان اسمبلی اور اعلیٰ عہدیدار وغیرہ شریک ہوں گے ۔ مسٹر سرینواس یادو نے بلاتخصیص سیاسی وابستگی تمام قائدین سے اس پروگرام میں شرکت کر کے سوچھ حیدرآباد پروگرام کو کامیاب بنانے کی پر زور اپیل کی ۔ وزیر موصوف نے شہر حیدرآباد میں پینے کے پانی ، گندہ پانی اور ٹریفک و دیگر مسائل پائے جاتے ہیں ۔ لہذا ان مسائل کو حل کرنے کے لیے عوام کے ساتھ مل کر سوچھ حیدرآباد پروگرام میں شامل ہونے کی عوام سے برابر کے حصہ دار بننے کی خواہش کی ۔ وزیر کمرشیل ٹیکسیس نے بتایا کہ اعلیٰ عہدیدار عوام کے پاس آئیں گے تب انہیں ( عہدیداروں کو ) اپنے مسائل سے واقف کروانے کی عوام سے خواہش کی اور کہا کہ عہدیدار ان مسائل کی یکسوئی کے لیے اقدامات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں روبہ عمل لائے جانے والے سوچھ حیدرآباد پروگرام کیلئے جملہ 33 ہزار پانچ سو عہدیداروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔۔