حیدرآباد۔ 14 مئی (آئی این این) وزیر داخلہ نائینی نرسمہا ریڈی اور وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے جمعرات کو چلگم وینگل راؤ پارک، لوٹس پاؤنڈ اور راک پارک کا معائنہ کیا۔ ان وزراء نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ پارکوں میں تالابوں کی صفائی پر خصوصی دھیان دیں اور اس کام کی عاجلانہ عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان وزراء نے بتایا کہ وینگل راؤ پارک میں ایک ورزش گاہ (جم) اور لائبریری قائم کی جائے گی۔ ریاستی حکومت شہر بھر میں مختلف عوامی مقامات پر ایک ہزار جمس اور ایک ہزار لائبریریاں قائم کرنے کی تجویز رکھتی ہے۔ ہریش راؤ نے مطلع کیا کہ مشن کاکتیہ کو دیہی تالابوں تک ہی محدود رکھا گیا ہے۔ شہر میں واقع تمام تالابوں کو بھی صاف ستھرا بناکر انہیں عصری سطح پر ترقی دی جائے گی۔ شہر میں 30 تالابوں کو حسین ساگر کے خطوط پر منی ٹینک بنڈ کے طور پر ترقی دی جائے گی۔