حیدرآباد۔/2ڈسمبر، ( این ایس ایس ) ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت شہر میں بہت جلد ایک اپاچے ہیلی کاپٹرس بنانے والی صنعت کا قیام عمل میں لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشہور اپاچے ہیلی کاپٹرس یونٹ کو حیدرآباد میں بھی قائم کیا جائے گا۔ گچی باؤلی میں بوئنگ گلوبل چوٹی کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نے کہا کہ حکومت نے شہر میں اپاچے ہیلی کاپٹر انڈسٹری قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹاٹا اڈوانسڈ اور بوئنگ کمپنی کے سرگرم اشتراک سے یہ صنعت قائم کی جائے گی۔ انہوں نے اظہار مسرت کیا کہ بوئنگ اور ٹاٹا اڈوانسڈ نے اپاچے یونٹ کے قیام میں ریاستی حکومت کی مدد کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ حیدرآباد میں ایرو اسپیس شعبہ کو فروغ حاصل ہوگا۔ شہر حیدرآباد اس وقت انفارمیشن ٹکنالوجی کے علاوہ دیگر صنعتوں کا عالمی مرکز بنتا جارہا ہے۔شہر میں اپاچے ہیلی کاپٹرس صنعت سازی کا اعلان بوئنگ انڈیا کے صدر پرتیوش کمار اور ٹاٹا اڈوانسڈ سسٹم کے منیجنگ ڈائرکٹر سکران سنگھ نے کے ٹی راما راؤ کی موجودگی میں یہ اعلان کیا ۔ اس صنعت کے قیام کیلئے اراضی کی نشاندہی کی جانے والی ہے ۔ راما راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے آدی باٹلہ مقام پر موجودہ ایراسپیس پارک میں کئی بڑی سہولتیں فراہم کی ہیں۔ ایسی مزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ نادرگل میں بھی ڈیفنس سیکٹر کا پارک قائم کیا جائے گا ۔ پرتیوش کمار نے آج کے دن کو خصوصی یوم قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے یہاں پر ہندوستان بھر کے 100 ممتاز شخصیتوں سے ملاقات کی ہے ۔