دونوں شہروں میں کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا ۔ ڈپٹی مئیر نے تجارتی علاقوں کا دورہ کیا
حیدرآباد۔25جون(سیاست نیوز) دونوں شہروں میں مغرب کے بعد سے ہی شروع ہونے والی اچانک بارش کے ساتھ ہی چاند رات کا بازار شدید متاثر ہوگیا اور عید کی خریداری کیلئے نکلنے والے عوام واپس گھروں کو روانہ ہوگئے اور شہر کی بیشتر سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پیش قیاسی کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں کے دوران بھی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔شہر کے بازاروں میں شام سے چاند رات کے باعث گہما گہمی تھی لیکن اچانک شروع ہوئی بارش نے تجارت کو بری طرح متاثر کردیا۔ 8بجے شروع ہوئی بارش کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا اور مسلسل بارش کے سبب کئی اہم سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے سبب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پرانے شہر کے علاقوں کے علاوہ نئے شہر اور سکندرآباد کے علاقو ںمیں بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بارش کے آغاز کے ساتھ ہی ایمرجنسی عملہ کو متحرک کردیا گیا اور کئی سڑکوں پر جہاں پانی جمع ہوگیا تھا ان مقامات پر مین ہول کے ڈھکن ہٹا دیئے گئے۔ تاریخی چارمینار کے دامن میں جہاں چاند رات کی خریدی کیلئے ہجوم ہوا کرتا تھا بارش کے سبب کئی ٹھیلہ بنڈی رانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے آغاز کے ساتھ ہی شہر کے کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہوگئی جس کے سبب عید کی تیاریو ںمیں مصروف خواتین خانہ کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے سبب عوام کو ہونے والی مشکلات کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد جناب بابا فصیح الدین نے تجارتی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے بلدی عملہ کو متحر ک کردیا اور جن مقامات پر پانی جمع ہورہا ہے ان مقامات سے پانی کی نکاسی کے اقدامات کی ہدایت دی۔ ڈپٹی مئیر کے فوری دورہ کے سبب شہر کے بعض تجارتی بازاروں میں فوری پانی کی نکاسی کے عمل شروع کیا گیا جس کے نتیجہ میں تاجرین اور خریداروں کو کچھ راحت حاصل ہوئی۔