شہر میں ہفتہ کو سری رام نومی، یوگی آدتیہ ناتھ کی شرکت

فرقہ وارانہ کشیدگی کے خطرات سے نمٹنے پولیس چوکسی میں شدت

ایس ایم بلال
حیدرآباد 23 مارچ ۔ بی جے پی کے متنازعہ رکن پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ 28 مارچ کو سری رام نومی کے موقع پر حیدرآباد آرہے ہیں۔ سری رام نومی بھاگیہ نگر اتسو سمیتی نے انہیں خاص طور پر مدعو کیا ۔ اس کی وجہ سے شہر میں امن و امان کی صورتحال درہم برہم بھی ہوسکتی ہے ۔ بی جے پی کے اقتدار حاصل کرنے کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ مسلسل اپنے متنازعہ بیانات کی وجہ سے خود حکومت کیلئے مشکلات کھڑی کررہے ہیں ۔ انہوں نے مسلمانوں کے خلاف زہر اُگلنے کو اپنا شیوہ بنالیا اور شہر حیدرآباد دورہ سے یہ اندیشہ ہے کہ یہاں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا ماحول متاثر ہوسکتا ہے۔سری رام نومی کے اس پروگرام میں یوگی آدتیہ ناتھ کے علاوہ سادھوی سماہیتا ماتا جی اور مقامی سوامی کملانندا بھارتی شرکت کریں گے۔یوگی آدتیہ ناتھ کی حیدرآباد میں آمد کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس و انٹلی جنس ایجنسیاں چوکس ہوگئی ہے اور شہر کے پرامن ماحول کو مکدر نہ ہونے دینے کی مکمل کوشش کی جائے اور ریالی پر کڑی نظر رکھی جائے گی ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ کل شام رانی اونتی بائی ہال میں اس ریالی کے والینٹرس کا ایک اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں یوگی آدتیہ ناتھ کی آمد کی اطلاع دی گئی ۔ اس اجلاس میں بتایا جاتا ہے کہ رام نومی کے موقع پر بھگوا جھنڈیاں اور پرچم لگانے پر زور دیاگیا ۔ سری رام نومی کے موقع پر نکالی جانے والی وجئے شوبھا دیوس ریالی کا آغاز سیتا رام باغ چنا کیشوا سوامی مندر سے 28 مارچ کو صبح 10 بجے سے ہوگا اور یہ ریالی منگل ہاٹ کے رانی اونتی بائی ہال ‘ بھوئی گوڑہ کمان‘ منگل ہاٹ‘ پرانا پل سرکل ‘ جمعرات بازار‘ بیگم بازار ‘عثمان گنج ‘اشوک بازار ‘گولی گوڑہ سے ہوکر سلطان بازار ہنومان ویم شالہ میں اختتام پذیر ہوگی۔ پولیس اس سلسلہ میں موثر بندوبست کا منصوبہ بنایا ہے ۔