تعلیمی اداروں کے میدانوں کو کرایہ پر لینے کا منصوبہ ، جی ایچ ایم سی
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : شہر میں موجود کھیل کے میدانوں کی ترقی و دیکھ بھال کے لیے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے مطابق اب شہر میں موجود تعلیمی ادارے و اسکول انتظامیہ ان میدانوں کو کرایہ پر حاصل کریں گے ۔ جی ایچ ایم سی کے منصوبہ کے مطابق شہر میں موجود 541 پلے گراونڈس کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں روزانہ کی سرگرمیوں کے لیے صبح 6 تا 9 بجے ، 10 تا 3 بجے اور 4 تا 7 بجے شام کرایہ پر دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کے بموجب پلے گراونڈس کے ذریعہ حاصل ہونے والی آمدنی دونوں شہروں میں کھیل کود کے فروغ پر خرچ کی جائے گی ۔ ان میدانوں کے کرایہ و دیگر امور کے متعلق خواہش منداسکول انتظامیہ بلدیہ کی ویب ساٹ ghmc.gov.in پر حاصل کرسکتے ہیں ۔ تفصیلات کے بموجب شہر میں جملہ 379 بڑے میدان ہیں اور 142 چھوٹے میدان موجود ہیں جنہیں بلدیہ کی جانب سے طویل مدتی لیز یا کرایہ پر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں کمشنر نے شہر کے اسکولوں کے ذمہ داران سے مشاورت کے لیے متعلقہ شعبہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے اور متعلقہ شعبہ کے عہدیداروں کی جانب سے اس امر کی تکمیل کے بعد قطعی فیصلہ کیا جائیگا ۔۔