متعدد شکایتوں پر کمشنر جی ایچ ایم سی دانا کشور کی بلدی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔12ڈسمبر(سیاست نیوز) حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں بلدی عملہ کی انتخابی مصروفیات کے سبب کچہرے کی نکاسی کا عمل انجام نہیں دیا جا رہاتھا بلکہ رہائشی علاقوں کو تو بری طرح سے نظرانداز کیا جا چکا تھا تاہم اب جبکہ انتخابی مصروفیات ختم ہوچکی ہیں تو ایسے میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو اداکرنے کا عمل فوری شروع کردیں تاکہ شہر حیدرآباد کے مکینوں کو راحت حاصل ہوسکے ۔ پرانے شہر کے علاوہ نئے شہر کے علاقوں میں کچہرے کی عدم نکاسی کے علاوہ صفائی کے انتظامات کو بہتر نہ بنائے جانے کے سلسلہ میں عوام کی کئی شکایات گذشتہ دو ہفتوں کے دوران منظر عام پر آئی ہیں اس کے باوجود مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں کچہرے کی نکاسی کے اقدامات کو یقینی نہیں بنایا جاسکا اور یہ کہا جاتا رہا کہ ریاست میں انتخابات کے سبب شہر کے حلقہ جات اسمبلی کے انتخابات کے لئے جی ایچ ایم سی کو ذمہ داری دی گئی ہے اور انتخابی مصروفیات کی بناء پر بلدی عملہ اس جانب متوجہ نہیں ہو پا رہاہے۔ حیدرآباد کے مختلف محلہ جات میں کچہرے کی نکاسی کا عمل نہ ہونے کے سبب عوام میں بے چینی پائی جا رہی تھی لیکن آج جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے بتایا کہ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور نے اپنے ماتحتین کو ہدایت جاری کی کہ وہ اپنی حقیقی ذمہ داریوں کو پورا کرنا شروع کردیں اور سب سے پہلے صحت عامہ کے امور پر توجہ دیتے ہوئے شہر کو پاک و صاف بنانے کے اقدامات کو یقینی بنائیں اور ہر علاقہ سے کچہرے کی نکاسی کے علاوہ ان علاقوں کی صفائی کو لازمی بنایاجائے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی کی جانب سے ہدایات کی اجرائی کے فوری بعد شہر کے تمام زونس اور بلدی حلقوں میں خصوصی صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے اور کہا جا رہاہے کہ یہاں سے یومیہ اساس پر کچہرے کی نکاسی اور سڑکوں کی صفائی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کا راست عہدیداروں کی نگرانی میں سابق کی طرح کام شروع کردیا جائے گا۔ انتخابی مصروفیات اور ذمہ داریوں کے سبب صحت عامہ اور کچہرے کی نکاسی پر توجہ کرنے سے قاصر عہدیداروں کا کہناہے کہ ہے کہ گنجان آبادیوں سے کچہرے کی نکاسی کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوئی لیکن بعض علاقوں سے اس بات کی شکایات موصول ہورہی تھیں کہ ان کے علاقوں میں کچہرے کی نکاسی اور صفائی نہیں ہو رہی ہے لیکن اب یہ عمل دوبارہ سابق کی طرح شروع کردیا جائے گا۔