حیدرآباد ۔ 6 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر میں 8 ستمبر پیر کو مرکزی گنیش جلوس پولیس کی جانب سے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ۔ شہر کے مرکزی گنیش جلوس کے 30 ہزار پولیس ملازمین کو تعینات کیا گیا ہے اور 12 گھنٹے قبل سے شہر بھر میں ٹریفک تحدیدات کو عائد کردیا جائے گا ۔ اس خصوص میں کمشنر پولیس مسٹر مہیندر ریڈی نے بتایا کہ 30 ہزار پولیس ملازمین کو تعینات کیا جارہا ہے ۔ جب کہ کل شام سے ہی شہر میں شراب کی دوکانیں دو دن تک بند رہیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں 6 مقامات پر گنیش کی مورتیوں کا وسرجن ہوگا اور پولیس نے 605 حساس اور 310 انتہائی حساس علاقوں کی نشاندہی کرلی ہے ۔ پرانے شہر میں جلوس کی گذر گاہوں کے اہم راستوں پر خصوصی نظر رکھی گئی ہے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ 800 سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ جلوس پر نظر رکھی جائے گی اور 410 موبائیل پارٹیوں کو تشکیل دیا گیا ہے تاکہ حساس اور انتہائی حساس علاقوں میں جلوس کے دوران گشت کو جاری رکھا جائے اور 30 بم اسکواڈ کی ٹیمیں چوکس کردی گئیں ہیں ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ پولیس نے خصوصی چوکسی اختیار کرلی ہے ۔