مختلف مقامات پر واٹر لائینس کی دوبارہ تنصیب کیلئے اقدامات کا ادعا
حیدرآاد 27 مارچ ( آئی این این ) حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی و سیوریج بورڈ مینیجنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے آج ڈائرکٹرس و سینئر عہدیداروں کیساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس میں بورڈ کی جانے سے فراہم کئے جانے والے پینے کے پانی کے معیار و کوالٹی کا جائزہ لیا گیا ۔ شہر کے کچھ علاقوں میں آلودہ پانی کی سربراہی کی شکایات مل رہی تھیں اور اجلاس میںمطلع کیا گیا کہ ان شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا ہے اور فی الحال پینے کیلئے صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ انسٹی ٹیوٹ آف ہیلت سسٹمس کی جانب سے ماہ مارچ میں 11247 نمونوں کی جانچ کی گئی جس میں سات نمونے آلودہ پائے گئے تھے ۔ اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ سرور نگر ‘ الوال ‘ ملک پیٹ اور رامنتا پور کے علاقوں میں سربراہی آب کا جو نیٹ ورک ہے اس کی لائینس بہتر عرصہ پہلے ڈالی گئی تھیں اور یہ پانچ تا چھ فیٹ نیچے ہیں اور ان میں سیور لائینس کے مل جانے کے اندیشے برقرار ہیں۔ سیور لائینس پانی کی لائینس کے اوپر ڈالی گئی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ کچھ علاقوںمیں ان لائینس کو بدلا جا رہا ہے ۔ یہ کام ہڈکو فنڈنگ اسکیم کے تحت کئے جا رہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ کچھ مقامات پر ان لائینس کو دور کرنے کیلئے جو گڑھے کھودے جا رہے ہیں ان میں بھی پانی کی لائینس میں سیور لائین کے ملنے کی اطلاعات ہیں۔ ایسے میں ان علاقوں کے عوام کو یہ مشورہ دیا گیا ہے کہ ایسے پانی کے استعمال سے گریز کریں۔ بورڈ کی جانب سے پینے کیلئے صاف پانی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ۔