گرما کی شدت ، زیرزمین پانی نیچے اُتر گیا
حیدرآباد 2 اپریل (سیاست نیوز) گزشتہ سال کافی اچھی بارش ہونے کے باوجود جاریہ موسم گرما میں حیدرآباد کے کئی علاقوں میں پانی کی قلت ہے۔ گراؤنڈ واٹر ڈپارٹمنٹ حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے بموجب کئی علاقوں میں زیرزمین پانی چند میٹر نیچے ہوگیا ہے۔ ماریڈ پلی، ترملگیری، بنڈلہ گوڑہ اور خیریت آباد شدید متاثر ہیں۔ عام طور پر نومبر سے جون تک ہر ماہ زیر زمین سطح آب کم ہونے لگتی ہے جبکہ جولائی سے نومبر تک سطح آب میں اضافہ ہوا کرتا ہے۔ شہر میں اندھا دھند بورویلس کی کھدائی اور بڑھتی ہوئی تعمیراتی سرگرمیاں اس کی بنیادی وجہ ہیں۔ بہرحال حکام نے کہاکہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے۔ مشیرآباد سنجیویا پارک، اندرا پارک، بہادر پورہ، سعیدآباد، شیخ پیٹ، نامپلی، چنتل بستی، دارالشفاء، مانصاحب ٹینک اور کلثوم پورہ میں زیر زمین پانی ایک اور دو میٹر نیچے اُتر گیا ہے۔ ترملگیری، بنڈلہ گوڑہ اور خیریت آباد میں بھی سطح آب میں اتنی ہی کمی آئی ہے۔ کئی بستیوں میں بورویلس کی کھدائی شروع ہوگئی ہے۔ ماریڈپلی میں تین سو فٹ کھدائی پر بھی پانی نہیں آرہا ہے۔