حیدرآباد /25 مئی ( سیاست نیوز ) جی ایچ ایم سی نے آلودگی سے پاک ماحول کی اہمیت کو ملحوظ رکھتے ہوئے شہر میں زائد از 50 مائیکرونس کے حامل پلاسٹک کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ک رنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے حالیہ منعقدہ اجلاس عام میں ایک قررار داد منظور کی جاچکی ہے ۔ مئیر بی رام موہن کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں شہر کے ارکان قانون ساز کونسل ، اسمبلی اور جی ایچ ایم سی ارکان معاون ارکان ، کمشنر جناردھن ریڈی اور دیگر سینئیر عہدیداروں نے شرکت کی تھی ۔ مئیر نے اجلاس کے مطلع کیا تھا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں یومیہ 5000 میٹرک ٹن کچرا نکلتا ہے جس میں 450 تا 500 میٹرک ٹن پلاسٹک شامل ہے جو شہریوں دوکانداروں اور خوردہ فروشوں کی طرف سے استعمال کی جانے والی پلاسٹک تھیلوں کی شکل میں ہوتا ہے ۔ جس سے آلودگی میں اضافہ کے ساتھ صاف سھترے قدرتی ماحول کو سنگین خطرہ لاحق ہو رہا ہے ۔ مئیر نے ماہ رمضان کے دوران اسٹریٹ لائیٹس کی موثر دیکھ بھال اور بعض منتخب علاقوں میں عارضی طور پر اسٹریٹ لائیٹس کی تنصیب کی ہدایت کی ہے ۔ دونوں شہروں میں مچھروں کی کثرت پر کنٹرول کیلئے ادویات کے چھڑکاؤ کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔