خانگی شراکت داری کے ساتھ کامپلکس کی تعمیر کے لیے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کا منصوبہ
حیدرآباد۔یکم ،اگسٹ (سیاست نیوز) شہر میں پارکنگ سہولت کی فراہمی کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے دوبارہ پارکنگ کامپلکس کے لئے اراضیات کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں قطعیت دیدی ہے لیکن ان اراضیات پر خانگی عوامی شراکت داری کے ذریعہ پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کے منصوبہ کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران ان پراجکٹس کو قطعیت دیتے ہوئے تعمیراتی کاموں کیلئے ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں پارکنگ کی سہولت کی فراہمی اور ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کے منصوبہ کے تحت جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ان اقدامات کے تحت ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے دوبارہ پارکنگ کامپلکس کے منصوبہ کو ازسر نو شروع کرنے کا ارادہ کیا ہے اور اس منصوبہ کے تحت پرانے شہر میں دو مقامات پر پارکنگ کامپلکس تعمیر کئے جائیں گے۔ خزانہ عامرہ خلوت میں جہاں پارکنگ کامپلکس کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا اسی جگہ پر دوبارہ پارکنگ کامپلکس کا منصوبہ ہے اور دوسرے پارکنگ کامپلکس کے لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے چارمینار کے قدیم بس اسٹینڈ کی نشاندہی کی گئی ہے جو کہ اب صرف چند بسوں کی آمد و رفت کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ عہدیداروں نے بتایاکہ خزانہ عامرہ کی جملہ اراضی 5ہزار 912مربع گز ہے جہاں پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کا منصوبہ ہے اور اسی طرح چارمینار بس اسٹینڈ کی اراضی 4ہزار 33 مربع گز ہے جو کہ پارکنگ کامپلکس کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ اسی طرح شہر کے دیگر مقامات پر بھی اراضیات کی نشاندہی کرتے ہوئے پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کے کاموں کا جائزہ لینے کی ذمہ داری خانگی کمپنی کو تفویض کی گئی ہے ۔ خلوت اور چارمینار کے علاوہ نلگنڈہ چوراہا‘ چندا نگر ‘میاں پور‘ لالہ پیٹ‘ چلکل گوڑہ میونسپل مارکٹ ‘ شنکر ویدھی ‘ اور رانی گنج میں بھی اراضیات کی نشاندہی کی گئی ہے ان پراجکٹس کو قطعیت دیئے جانے کے بعد کامپلکس کے طرز تعمیر کا جائزہ لیا جائے گا جو کہ ماہرین کی کمیٹی لے گی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے اعلی عہدیداروں نے بتایا کہ ان اراضیات کی نشاندہی و حصول کیلئے کاروائی شروع کی جاچکی ہے لیکن ساتھ ہی پراجکٹ کو قابل عمل بنانے کے امور کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ شہر میں پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کے بعد ٹریفک کے مسائل کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ بلدی عہدیدار محکمہ ٹریفک پولیس کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کے ہمراہ اس بات کا جائزہ لینے کے بعد مزید مقامات پر پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کے امور کے متعلق غور کریں گے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بعد ریاستی حکومت نے نشاندہی کردہ اراضیات پر پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدیات جاری کردی ہیں اور آئندہ عام انتخابات سے قبل ان مقامات پر پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھنے کا عمل شروع کردیا جائے گا۔