ووٹرس کو تمام 15 اسمبلی حلقوں میں پولنگ بوتھ سطح پر نام درج کرانے کی سہولت
حیدرآباد یکم / فروری ( این ایس ایس ) حیدرآباد ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر ( ڈی ای او ) جی ایچ ایم سی کمشنر دانا کشور نے کہا ہے کہ فہرست رائے دہندگان میں نئے ووٹرس کے ناموں کے اندراج اور تنقیح و توثیق کیلئے 3 فروری کو دونوں شہروں کے تمام پولنگ بوتھس پر خصوصی مہم چلائی جائے گی ۔ انہوں نے تمام شہریوں سے اس موقع کا بھرپور استفادہ کرنے کی خواہش کی ہے ۔ شہریاں حیدرآباد اس ضمن میں شکایت ، معلومات ، تجاویز اور اطلاعات کیلئے ٹول فری نمبر 1950 پر ربط کرسکتے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کمشنر دانا کشور نے حیدرآباد کے 15 اسمبلی حلقوں کے الیکٹورل رجسٹریشن افسران ( ای آر اوز ) کا جائزہ اجلاس طلب کیا جس میں عام انتخابات کی تیاریوں کیلئے جاری کاموں کا جائزہ لیا گیا ۔ ای آر اوز فہرست رائے دہندگان کی توثیق بلدیہ اندراج شدہ ناموں کی توثیق کے علاوہ حدف شدہ ناموں کی تنقیح ، شکایات ، اعتراضات ، تجاویز اور زیر تصفیہ درخواستوں کا جائزہ بھی لیا گیا ۔ ڈی ای او نے ای آر اوز کو ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن کے مقررہ ضابطہ کے مطابق اے ای آر اوز اور سوپروائزرس کی طرف سے کی جانے والی توثیق و تنقیح کی شخصی طور پر نگرانی کریں ۔ جوائنٹ سی ای او امراپالی ، ایڈیشنل کمشنر مشرف علی ، کمشنر آئی ٹی ڈی جیاراج کنیڈی ، ایڈیشنل کمشنر الیکشن ایس پنکجا جوائنٹ سکریٹری الیکشن اور دیگر سینئیر عہدیداروں کے علاوہ شہر کے تمام 15 حلقوں کے ای آر اوز نے اجلاس میں شرکت کی ۔