گرمی سے پریشان شہریوں کو سخت دشواری
حیدرآباد۔ 24 جون (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں آج دن بھر کئی علاقوں میں زائد از 6 گھنٹے برقی سربراہی منقطع رہی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں رہنے والے عوام نے اس بات کی شکایت کی کہ آج دن بھر میں برقی سربراہی نہ ہونے کے سبب کئی تکالیف کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں شہروں میں آج گرمی کی شدت میں اضافہ اور برقی سربراہی نہ ہونے کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں آج صبح برقی سربراہی منقطع ہونے کے بعد کئی شکایات درج کروائی گئیں لیکن ان پر کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں ہوئی جس سے عوام میں برہمی پیدا ہورہی ہے۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں کے بموجب کوئلہ کی پیداوار میں تخفیف کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے اور آئندہ مزید چند یوم کے لئے عوام کو ان حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے برقی عہدیداروں کو اس بات کی ہدایت دی جاتی ہے کہ معلنہ برقی کٹوتی سے زائد کٹوتی کو فوری طور پر برخاست کیا جائے لیکن کئی علاقوں میں ایسا نہ ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔ گھریلو صارفین تو گرمی شدت اور برقی منقطع ہونے کے سبب مشکلات کا شکار ہورہے ہیں لیکن صنعت کاروں کو بالخصوص چھوٹی صنعتوں کے مالکین کو کئی دشواریوں کا سامنا ہے۔