حیدرآباد ۔ 31 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے شہر حیدرآباد میں 10 ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات کے سلسلہ میں حکومت تلنگانہ کو تجاویز روانہ کیا ہے جس کو حکومت کی منظوری کا انتظار ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے حدود میں واقع ہر اسمبلی حلقہ میں کم از کم ایک ہزار مکانات کو آئی ڈی ایچ کالونی کی طرز پر تعمیر کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ جب کہ بھوئی گوڑہ میں مکانات کی تعمیرات ہوچکی ہے ۔ بنجارہ ہلز روڈ نمبر 10 کو تعمیر کی گئی وائیٹ ٹاپنگ روڈ کے مماثل شہر کے مزید سڑکوں کو بھی وائیٹ ٹاپنگ سڑکوں میں تبدیل کیا جائے گا ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے 20 اسمارٹ سٹیز میں گریٹر حیدرآباد کو مقام دلانے تخمینہ رپورٹس مرکز کو روانہ کرے گا ۔ اسی طرح سے جی ایچ ایم سی کے حدود میں موجودہ ٹیکسوں میں اضافہ کیے بغیر بلدیہ کی آمدنی میں اضافہ کی مساعی جاری ہے جس میں بڑے پیمانے پر اڈورٹائزنگ میں بے قاعدگیوں کو دور کرتے ہوئے بلدیہ کی آمدنی میں اضافہ کی کوشش جاری ہے ۔ بلدیہ کی جانب سے حیدرآباد میں مزید عصری مسلخ خانوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ جس کے ذریعہ جی ایچ ایم سی کو زائد از 24 کروڑ روپیوں کی آمدنی میں اضافہ کا امکان ہے ۔۔