شہر میں مچھروں کی کثرت پر قابو پانے کے اقدامات

ملیریا ، ڈینگو اور دیگر وبائی امراض کی نشاندہی ، جی ایچ ایم سی کے خصوصی اجلاس کا انعقاد
حیدرآباد۔24ستمبر(سیاست نیوز) شہر میں پھیل رہے ملیریا‘ ڈینگو اور دیگر وبائی امراض پر کنٹرول کیلئے بالآخر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نیند سے جاگ گیا ہے اور کمشنر جی ایچ ایم سی نے آج بلدیہ کے شعبہ انٹومولوجی کے عہدیداروں کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے شہر میں مچھروں کی کثرت پر قابو پانے کے علاوہ صفائی کو یقینی بنانے اور شہریو ںمیں شعور بیداری مہم چلانے کی ہدایات جاری کی۔اس اجلاس میں مسٹر سندیپ جھا ایڈیشنل کمشنر جی ایچ ایم سی ‘ مسٹر وینکٹیش چیف انٹومولوجسٹ کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ مسٹر دانا کشور نے اجلاس کے دوران کہا کہ اب تک موصولہ شکایات کے مطابق کاروان‘ ملک پیٹ‘ گولکنڈہ‘ حیات نگر ‘ چندرائن گٹہ‘ راجندر نگر‘ چارمینار ‘ قطب اللہ پور ‘ موسی پیٹ‘ عنبرپیٹ اور مہدی پٹنم میں ملیریا کے مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان مریضوں کا مختلف دواخانو ںمیں علاج جاری ہے۔انہو ںنے بتایا کہ موسم کی تبدیلی کے سبب آئندہ دو ماہ کے دوران ان بیماریوں کو فروغ حاصل ہونے کا خدشہ ہوتا ہے اسی لئے ان بیماریوں پر قابو پانے کیلئے مسلسل اقدامات ناگزیر ہیں۔انہو ںنے شعبہ انٹومولوجی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری ان علاقو ںمیں مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنائیں اور ان مچھروں کی افزائش کو روکنے کے اقدامات کریں۔کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے اجلاس کے دوران ملیریا اور ڈینگو کے مریضوں کے تعداد پر گہری نظر رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ خانگی دواخانوں میں بھی زیر علاج مریضوں کی تفصیلات بھی حاصل کی جائیں۔شہر کے بیشتر سرکاری دواخانوں میں ڈینگو کے متاثرین خانگی طور پر اپنا علاج کرو ا رہے ہیں اس کے علاوہ معصوم بچے ملیریا اور تیز بخار کا شکار بنتے جا رہے ہیں۔کمشنر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ بلدیہ کے پاس فی الحال 150 مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کی دستی مشینیں اور دس گاڑیاں موجود ہیں جن کے مکمل استعمال کو یقینی بنایا جائے گا اور یومیہ اساس پر 150 کالونیوں و محلہ جات کا احاطہ کرتے ہوئے مچھر کش ادویات چھڑکے جائیں گے۔انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام میں شعور بیداری کو یقینی بنائیں اور انہیں اس بات سے واقف کروائیں کہ ان کی شکایات 100 نمبر پر بھی کی جاسکتی ہیں اس کے علاوہ MYGHMC ایپلیکیشن اور ای۔میل و واٹس ایپ کے ذریعہ بھی مسائل سے واقف کروایاجاسکتا ہے ۔کمشنر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو صاف صفائی کے امور اور مچھروں کی افزائش کو روکنے کے سلسلہ میں معلومات بہم پہنچائیں۔