شہر میں موسلادھار بارش ،سڑکیں زیر آب

حیدرآباد 28 اگست (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میںآج شام شروع ہوئی موسلادھار بارش کے باعث شہر کی بیشتر سڑکیں زیر آب آگئیں ۔ شہر میں گزشتہ دو یوم سے موسم خوشگوار تھا اور آج شام اچانک موسلادھار بارش کے سبب دونوں شہروں میں ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہوگیا اور بارش کے پانی کی نکاسی کے نامناسبت انتظامات کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں گھروں اور تجارتی مراکز میں پانی داخل ہوجانے کی شکایات موصول ہوئیں ۔ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی علاقوں میں بارش کے آغاز کے ساتھ ہی برقی سربراہی منقطع ہوگئی اور زائد از دو گھنٹے برقی سربراہی معطل رہی۔ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی موسلادھار بارش نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے دعووں کی حقیقت کو منظر عام پر لادیا ۔ کئی علاقوں میں ڈرینج ابل پڑنے کے باعث عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ چادر گھاٹ کے قریب تیز ہواوں کے سبب درخت گرجانے کے باعث ایک گھنٹہ سے زائد ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ اطراف و اکناف کے علاقوں میں برقی سربراہی مسدود ہوگئی تھی۔ خیریت آباد ،کشن باغ ،بہادر پورہ ،نامپلی ،آصف نگر ،منگل ہاٹ، معظم جاہی مارکٹ ، بیگم بازار ،شاہ علی بنڈہ ،مدینہ بلڈنگ ، شاہ عنایت گنج، نلگنڈہ چوراہا ،دلسکھ نگر مقطعہ مدار صاحب، بیگم پیٹ کے علاوہ دیگر اہم سڑکوں پر مصروف ترین اوقات میں بارش کا پانی جمع ہوجانے کے سبب عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں سب سے زیادہ بارش ملکاجگری میں ریکارڈ کی گئی جہاں 46.50 ایم ایم بارش ہوئی اسی طرح چلکل گوڑہ میں 42 ایم ایم ، حمایت نگر منڈل میں 40 ملی میٹر ،ماریڈی پلی میں 34.25،عنبر پیٹ یں 27.50 ،حسین ساگر 25.00، سعید آباد 19.75 ،نامپلی 6.75 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ پرانے شہر کے منڈلوں میں رات 9 بجے تک کافی کم بارش ریکارڈ کی گئی تھی لیکن 8 بجے رات کے بعد سے ہی پرانے شہر میں بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جو رات دیر گئے تک بھی جاری رہا ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کے بموجب محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے باعث جی ایچ ایم سی کے ایمرجنسی عملہ کو متحرک رکھا گیا ہے ۔اسی دوران تالاب کٹہ امان نگر اے میں ایک خاتون زہرہ بی کے مکان کا ایک حصہ منہدم ہوگیا تاہم اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا ۔