کئی سڑکیں جھیل میں تبدیل‘نشیبی علاقوں میں پانی داخل‘ شہریوں کو دشواری
حیدرآباد۔ 7 جولائی (سیاست نیوز) ریاست ِ تلنگانہ میں مانسون کی ہلکی اور تیز بارش کا آغاز ہوگیا۔ گزشتہ ایک ماہ سے ریاست بھر میں مانسون کی آمد کا بے چینی سے انتظار کیا جارہا تھا۔ ایک ماہ کے مسلسل انتظار کے باوجود مانسون میں ہونے والی تاخیر کو دیکھتے ہوئے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاست بھر کی مساجد میں بروز جمعہ خصوصی دعائیہ اجتماعات منعقد ہوئے۔ علاوہ ازیں گزشتہ یوم دونوں شہروں میں تقریباً 4 مقامات پر صلوٰۃ الستسقاء کا اہتمام کیا گیا تھا جس کے نتیجہ میں آج شام بعد مغرب اچانک موسلادھار بارش کا آغاز ہوا جس کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا۔ ہلکی اور تیز بارش کے دوران مسلمانوں نے دونوں شہروں کی مساجد میں نمازِ تراویح ادا کی۔ اطلاعات کے بموجب شیورام پلی، قطب اللہ پور، شمس آباد، بالا نگر، گوتم نگر، فتح نگر ، تانڈور، چیوڑلہ، وقارآباد کے علاوہ شہر کے دیگر نواحی علاقوں میں مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ حیدرآباد و سکندرآباد میں مانسون کی آمد کے پیش نظر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے خصوصی انتظامات کے دعوے کئے گئے تھے لیکن یہ دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے اور جی ایچ ایم سی کے دعوؤں کی قلعی صرف ایک بارش میں کُھل گئی ہے۔ شہر کے بیشتر مقامات پر پانی جمع ہونے کی شکایات مسلسل رات دیر گئے تک کی جاتی رہی۔ راج بھون روڈ، خیریت آباد، لکڑی کا پل، اسمبلی ، حمایت نگر کے علاوہ پرانے شہر کے علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوجانے اور ڈرینج کے اُبل پڑنے کی شکایات موصول ہوئیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ہنگامی خدمات کے عملے کو چوکس دیکھا گیا لیکن اہم سڑکوں پر ہی اُن کی خدمات محدود رہیں جبکہ متعدد مقامات پر عوام نے گھروں میں پانی داخل ہونے کی شکایت کی۔ یوسف گوڑہ، رحمت نگر، جوبلی ہلز ، نامپلی، آغا پورہ، حبیب نگر علاقوں میں بھی شدید بارش کے باعث گھروں میں پانی داخل ہوجانے کی شکایات موصول ہوئیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عملے کی جانب سے گاندھی بھون، خیریت آباد کے علاوہ دیگر اہم سڑکوں پر پانی کی نکاسی کے خصوصی انتظامات کئے جارہے تھے۔
شہر کی اہم سڑکوں بالخصوص نامپلی، جام باغ، معظم جاہی مارکٹ، ملک پیٹ، دلسکھ نگر اور دیگر علاقوں میں حیدرآباد میٹرو ریل کے تعمیراتی کام جاری رہنے کے باعث بارش کے سبب عوام کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے میٹرو ٹرین کے پلرس کے لئے کھودے گئے گڑھوں کو آہنی جالیوں سے بند کرنے کے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ریاست بھر میں مسلمانوں کی دعاؤں کے نتیجہ میں ہونے والی اس بارش کے باعث کسی قسم کے ناگہانی حادثات یا واقعات کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ رات دیر گئے تک ہوئی بارش کے باعث شہریوں نے راحت کی سانس لی۔ موسلادھار بارش کے باعث گزشتہ چند یوم سے جاری شدید گرمی میں قدرے کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے بموجب آئندہ دو یوم کے دوران ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار نے رات دیر گئے تک بھی ہنگامی خدمات کیلئے متعین کردہ عہدیداروں سے رابطے میں رہتے ہوئے انہیں خصوصی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ کسی بھی طرح کی ناگہانی صورتِ حال پیدا نہ ہونے پائے۔