شہر میں معیاری تعمیرات کیلئے ماہرین کی کمیٹی تشکیل

تعمیری معیار کو یقینی بنانے جی ایچ ایم سی کا اقدام
حیدرآباد۔/4ستمبر، ( آئی این این ) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے شہر میں معیاری تعمیرات کو یقینی بنانے اور عمارتوں کے گرنے کے واقعات کے تدارک کیلئے حکمت عملی بنانے اور اس سلسلہ میں کئے جانے والے مناسب اقدامات کی تجاویز پیش کرنے کیلئے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ حالیہ عرصہ میں عمارتوں کے گرنے کے کئی واقعات پیش آئے جس کی وجہ جانی و مالی نقصانات ہوئے۔ اس لئے کارپوریشن نے تعمیرات میں معیار کو یقینی بنانے اور اس کی مناسب چیکنگ کے لئے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جو چیف انجینئر آر اینڈ بی ڈپارٹمنٹ ، چیف انجینئر جی ایچ ایم سی، ڈائرکٹر جنرل این اے سی، پروفیسر رمنا راؤ ( جے این ٹی یو ) پر مشتمل ہوگی اور چیف سٹی پلانر اس کے کنوینر ہوں گے۔ یہ کمیٹی تعمیرات کے معیار اور عمارتوں کے گرنے کی وجوہات کا جائزہ لے گی۔