نئے صنعتکاروں کیلئے تین باوقار اداروں کے ساتھ سمجھوتے : کے ٹی آر
حیدرآباد 9 سپٹمبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے دارالحکومت حیدرآباد میں نئے صنعتکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے تعلیمی و تربیتی مراکز کے قیام کی غرض سے اس شہر میں واقع تین باوقار اداروں کے ساتھ سمجھوتوں پر دستخط کئے ہیں۔ آئی آئی آئی ٹی حیدرآباد، انڈین اسکول آف بزنس (آئی ایس بی) اور قومی اکیڈیمی برائے قانونی علوم و تحقیقی (نلسار) کے ساتھ یادداشت ہائے مفاہمت پر دستخطوں کے بعد تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تارک راما راؤ نے کہاکہ تربیتی مرکز ادارہ ہوگا جو نہ صرف تلنگانہ بلکہ ساری دنیا کیلئے ایک انتہائی اعلیٰ درجہ کا ادارہ ہوگا۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے فرزند کے ٹی راما راؤ نے مزید کہاکہ اس مرکز کا پہلا مرحلہ اندرون چھ ماہ شروع ہوگا جس کے تحت آئی آئی آئی ٹی کیمپس میں 80,000 مربع فٹ پر محیط ادارہ قائم کیا جائے گا۔ جس میں 700 تا 800 نوزائدہ اداروں کو جگہ فراہم ہوگی۔ کے ٹی آر نے کہاکہ انٹرنیٹ خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ’گوگل‘‘ ای کامرس کی عالمی کمپنی امیزان، سرکردہ عالمی بینکنگ ادارہ ایچ ایس بی سی اور دیگر کئی اداروں نے اپنے توسیعی منصوبوں پر پیشرفت کا فیصلہ کیا تھا لیکن حیدرآباد میں اراضیات کے الاٹمنٹ سے متعلق مسائل اور سیاسی غیریقینی کے سبب ان منصوبوں پر عمل آوری نہیں ہوسکی۔ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد سیاسی غیر یقینی ختم ہوگئی اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی برسر اقتدار آئی۔ ٹی آر ایس حکومت سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے سے دلچسپی رکھتی ہے چنانچہ ان بڑے عالمی اداروں نے اپنے منصوبوں پر عمل کا دوبارہ آغاز کردیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گوگل کو اراضی کے الاٹمنٹ کے ضمن میں حائل مسائل جلد حل کرلئے جائیں گے۔ گوگل نے حیدرآباد میں اپنا نجی کیمپس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو امریکہ کے باہر اس کا یہ پہلا کیمپس بھی ہوگا۔ راما راؤ نے کہاکہ شہر میں واقع گوگل کے تین دفاتر میں 3000 افراد برسر روزگار ہیں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی خدمات کے شعبہ میں ہندوستان کی سب سے بڑی کمپنی ٹاٹا کنسلٹینسی سرویس (ٹی سی ایس) اب ادی باٹلہ میں ایک نئی عمارت کی تعمیر کے ساتھ اپنی سرگرمیوں کو وسعت دے رہی ہے جس سے آئندہ تین تا پانچ سال کے دوران مزید 28000 افراد کو روزگار حاصل ہوگا جبکہ حیدرآباد میں واقع ٹی سی ایس کے چار دفاتر میں پہلے سے 26000 افراد برسر روزگار ہیں۔ کے ٹی راما راؤ نے کہاکہ ریاستی حکومت نے حیدرآباد کو ملک کے سب سے بڑے آئی ٹی مرکز میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور شہر کے اطراف مضافات میں چھوٹے آئی ٹی ادارے قائم کئے جائیں گے۔