شہر میں فلائی اوورس کو خوبصورت بنایا جائیگا

دہلی کے دورہ سے متاثر مئیر و پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق کا فیصلہ
حیدرآباد 21 اپریل ( این ایس ایس ) جی ایچ ایم سی حدود میں موجودہ فلائی اوورس کو اب پرکشش اور خوبصورت بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ان فلائی اوورس پر رنگ برنگی پینٹنگس ‘ سبزہ زار ماحولیاتی اقدامات وغیرہ کو یقینی بنایا جائیگا ۔ سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے یہاں عصری ایل ای ڈی لائٹنگ بھی کی جائے گی ۔ مئیر حیدرآباد بی رام موہن اور رنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق نے حال ہی میں نئی دہلی کا دورہ کیا تھا جہاں یہ دیکھا گیا کہ فلائی اوورس پر لٹکتے سبزہ زار ‘ رنگا رنگ ایل ای ڈی لائٹننگ اور پرکشش کلر پینٹنگس کے ذریعہ فلائی اوورس کو خوبصورت بنایا گیا ہے ۔ ان دونوں نے فیصلہ کیا کہ نئی دہلی میونسپل حکام کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی طرز پر یہاں بھی فلائی اوورس کو خوبصورت بنایا جائیگا ۔ مئیر اور پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق نے کمشنر جی ایچ ایم سی کو ہدایت دی کہ وہ ان کاموں کو آگے بڑھائیں۔ جی ایچ ایم سی نے ان ہدایات کی بنیاد پر فیصلہ کیا ہے کہ یہ کام تیزی سے انجام دئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ بائیو ڈائیورسٹی ‘ الیکٹریکل اور انجینئرنگ ونگ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ایکشن پلان تیار کریں۔ ایکشن پلان تیار ہوگیا ہے اور پہلے مرحلہ میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر مانصاحب ٹینک ‘ بشیر باغ ‘ پنجہ گٹہ ‘ گرین لینڈز ‘ تلنگانہ تلی ‘ ہری ہرا کلا بھون ‘ سی ٹی او ‘ بیگم پیٹ فلائی اوورس کو خوبصورت بنایا جائیگا ۔ اسی طرح ہائی ٹیک سٹی اور گچی باؤلی فلائی اوورس کو ایچ ایم ڈی اے کی نگرانی میں پرکشش بنایا جائیگا ۔