شہر میں فری وائی فائی ہنوز ایک خواب

حیدرآباد 26 جون (سیاست نیوز) ایک سو دن کے ایکشن پلان کے حصہ کے طور پر ریاستی حکومت نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں 3 ہزار مقامات پر فری وائی فائی سرویس فراہم کرنے کا نشانہ مقرر کیا تھا تاہم ایکشن پلان کی مدت ختم ہوئے دو ہفتے ہوگئے۔ ہنوز مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کی سمت کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔ حکومت کی لاپرواہی اس کی وجہ بتائی جارہی ہے۔ فری وائی فائی سرویس فراہم کرنے کے لئے سرویس پرو وائیڈرس حکومت سے رعایتوں اور قواعد میں نرمی کی مانگ کررہے ہیں۔ اس کے پیش نظر جی ایچ ایم سی نے ریاستی حکومت کو تجاویز روانہ کی ہیں۔ سرویس فراہم کرنے والے بعض اداروں نے دونوں شہروں کے تقریباً 250 مقامات پر وائی فائی آلات نصب کئے ہیں اور وہ سرویس شروع کرنے تیار ہیں لیکن وہ چاہتے ہیں کہ حکومت بعض قواعد میں نرمی کرے اور رعایتیں دے۔ جی ایچ ایم سی کے پاس رعایتیں دینے یا قواعد میں نرمی کرنے کے لئے کوئی قانون موجود نہیں ہے۔ اس نے یہ معاملہ ریاستی حکومت سے رجوع کردیا ہے۔ فی الحال حسین ساگر، ہائی ٹیک سٹی کے آس پاس کے علاقوں اور دوسرے مقامات پر دو سو وائی فائی سرویس موجود ہے۔ ابتدائی چند منٹ فری سرویس فراہم کی جاتی ہے اور اس کے بعد کے اوقات میں چارج کئے جاتے ہیں۔