بکروں کی کثیر تعداد، قیمتیں اطمینان بخش، بڑے جانوروں کی قیمت میں معمولی گراوٹ
حیدرآباد۔19اگسٹ(سیاست نیوز) عیدالاضحی کی سرگرمیو ںکا شہر میں آغاز ہوئے 4یوم گذر چکے ہیں لیکن اب بکروں کے علاوہ بڑے جانور کا بازار عروج پر پہونچ رہاہے ۔ عید الاضحی سے قبل کی آخری تعطیل کے سبب آج بکروں کے بازار میں تیزی دیکھی گئی جبکہ آئندہ دو یوم کے دوران بازار کی رونق میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ جاریہ سال موسم باراں اور مسلسل بوندا باندی کے سبب شہر حیدرآباد میں بکروں کی آمد تاخیر سے ہوئی ہے لیکن وافر مقدار میں بکرے موجود ہونے کے باعث قیمتیں اطمینان بخش بتائی جا رہی ہیں۔ ملک پیٹ ‘ حافظ بابا نگر‘ سالارجنگ میوزیم‘ دارالشفاء‘ ٹولی چوکی‘ شیخ پیٹ ‘ آرام گڑھ چوراہا‘ بندلہ گوڑہ ‘ نامپلی‘ فاطمہ نگر کے علاوہ پیٹلہ برج کے علاقوں میں بکروںکے مندے فروخت کے لئے لائے جا چکے ہیں اوران کی فروخت بھی عروج پر ہے۔ اسی طرح بڑے جانور فلک نما‘ تالاب کٹہ‘ بارکس‘ فتح دروازہ‘ گولکنڈہ‘ بندلہ گوڑہ‘ نارسنگی‘ عیدی بازار‘ سنتوش نگر‘ سعید آباد کے علاوہ مختلف علاقو ںمیں فروخت کے لئے رکھے گئے ہیں اور شہریوں کی توجہ بڑے جانور پر بھی ہے ۔ اس مرتبہ بڑے جانوروں کی قیمت میں معمولی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے جس کے سبب حصہ کی قیمت میں کمی آئی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آندھراپردیش اور کرناٹک کے علاوہ کیرالہ کے علاقوں میں جاری مسلسل بارش اور شہر میں مسلسل مطلع ابر آلود رہنے کے سبب بکروں کی قیمت میں بھی کمی کی گنجائش ہے کیونکہ جو بکرے پڑوسی ریاست منتقل کئے جاتے تھے ان مندوں کو شہر حیدرآباد منتقل کیا جا رہاہے جس کی وجہ سے جانور کی قلت کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔شہر حیدرآباد کے بیشتر علاقو ںمیں اس مرتبہ مواضعات سے بکرے لاکر فروخت کرنے والوں کی بڑی تعداد دیکھی جا رہی ہے جنہیں دھنگر کہا جا تا ہے اور یہ دھنگر راست بکروں کی فروخت انجام دے رہے ہیں جس کے نتیجہ میں قیمتوں میں مزید گراوٹ کے امکان ہیں۔ گذشتہ چند برسوں کے دوران مختلف فارمس اور بکرے پالنے والے شہریوں کی جانب سے بھی اس تجارت میں دلچسپی دکھائی جا رہی تھی لیکن اس مرتبہ کئی شہری جو کہ اس کاروبار میں دلچسپی دکھا یا کرتے تھے وہ بکروں کی تجارت سے خود کو دور رکھے ہوئے ہیں جس کے نتیجہ میں خود دھنگر شہر پہنچ رہے ہیں اور اپنے جانور فروخت کر رہے ہیں۔شہریو ںمیں بھی جانور کی خریدی کے سلسلہ میں شعور دیکھا جا رہاہے جو کہ بڑے جانور اور بکروں کی خریدی کے لئے ان تاجرین کا انتخاب کر رہے ہیں جو مستقل اس کاروبار سے جڑے ہوئے ہیں یا پھر بکروں کی خریدی کے معاملہ میں ان کا رجحان راست دھنگر سے خریدی کی جانب سے ہے ۔شمس آباد اور نلگنڈہ سے شہر پہنچنے والے راستوں پر بھی کئی مقامات پر دھنگر اپنے جانور فروخت کرتے دکھا ئی دے رہے ہیں۔