شہر میں عنقریب ہیلمٹ کے لزوم کا امکان

حیدرآباد 13 دسمبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد سٹی پولیس امکان ہے کہ بہت جلد شہریوں کی حفاظت کیلئے ہیلمٹ کو لازمی قرار دے گی ۔ کمشنر پولیس نے آج ایک بیان میں شہریوں کو مشورہ دیا اور درخواست کی وہ اپنی حفاظت پر زیادہ توجہ دیں ۔ کمشنر پولیس کے بیان میں اس بات کا اشارہ دیا گیا کہ شہریوں کی حفاظت کیلئے ممکن ہے کہ بہت جلد شہر میں موٹر سیکل سواروں کیلئے ہیلمٹ لازمی کردیا جائے گا ۔ کمشنر پولیس نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں بہادر پورہ کے علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ اور گذشتہ چند دنوں سے شہر میں پیش آئے سڑک حادثات کا مشاہدہ کیا اور اس بات پر غور کیا کہ زیادہ تر اموات سر پر زخم آنے یا پھر سر پھٹنے کے بب ہورہے ہیں ۔ کمشنر پولیس کا یہ تاثر ہے کہ اگر یہ شہری ہیلمٹ کا استعمال کرتے تو شاید انہیں اپنی جان سے ہاتھ دھونا نہیں پڑتا ۔