میڑچل پولیس کو بہار کے نتیش کمار کی تلاش ، 3 افراد گرفتار
حیدرآباد /27 ستمبر ( سیاست نیوز ) میڑچل پولیس نے بہار کے نتیش کمار کو مفرور قرار دیا ہے جو دھوکہ باز ٹولی کا سرگرم رکن بتایا گیا ہے ۔ روزگار و زندگی کے گذر بسر کیلئے حیدرآباد کے نواحی علاقوں میں رہنے والے شمالی ہند ریاستوں کے شہریوں کو یہ ٹولی نشانہ بناتی تھی ۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر میڑچل مسٹر وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ جن میں 28 سالہ صاحب سہانی 29 سالہ اشوک کمار سہانی اور 20 سالہ پرمود کمار سہانی ساکنان بہار شامل ہیں جبکہ اصل سرغنہ 30 سالہ نتیش کمار مفرور بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اس ٹولی نے تقریباً 30 تا 40 افراد کو اپنی دھوکہ دہی کا شکار بنایا ہے تاہم تحریری طور پر پولیس کو صرف 2 شکایتیں وصول ہوئی ہیں ۔ نتیش کمار کی ٹولی اکثر پیر کے دن اپنی سرگرمی جاری رکھتی تھی ۔ چونکہ ہفتہ واری مزدوری کی رقم حاصل کرنے کے بعد مزدور افراد پیر کے دن بینک جایا کرتے تھے اور یہ ٹولی بنک کے قریب انتظار کرتی تھی اور اکثر ایس بی ایچ اور ایس بی آئی بنک کی شاخوں پر انتظار کرتے تھے ۔ ان کی چالاکی کا یہ حال ہے کہ یہ لوگ کاونٹر پر رقم جمع کرنے والے کو لالچ دیکر بنک سے باہر لاتے اور انہیں اپنی باتوں اور جعلسازی کا شکار بناکر اس سے رقم ہڑپ لیتے تھے ۔ پولیس کے مطابق دو شکایتوں میں ایک نے 35 ہزار اور 25 ہزار روپئے تک دھوکہ دہی کا شکار بتایا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ٹولی 5 تا 6 ہزار روپئے کی معمولی رقم کو بھی ہڑپ لیتی تھی ۔