شہر میں سیاسی قائدین کے پوسٹرس و بیانرس ہٹانے اقدامات

انتخابی ضابطہ اخلاق کو مکمل نافذ کرنے کی کوشش۔ کمشنر جی ایچ ایم سی دانا کشور کی ہدایات
حیدرآباد۔7اکٹوبر(سیاست نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے تلنگانہ میں انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے سیاسی قائدین کے پوسٹرس اور بیانرس کے علاوہ فلیکس ہٹانے اقدامات کئے جانے لگے ہیں ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور نے تمام زونل کمشنرس کو ہدایات دی کہ وہ سرکاری عمارتوں اور املاک پر لگائے گئے تمام پوسٹرس ‘ بیانرس اور فلیکس کو ہٹانے کو یقینی بنائیں جس پر سیاسی جماعتوں کے قائدین کی تصاویر آویزاں ہیں ۔ مسٹر دانا کشور نے کہا کہ غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے ضابطہ اخلاق کو مکمل طور پر نافذ کرنے اقدامات کئے جائیں گے اور تمام ریٹرننگ آفیسرس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ اپنے علاقوں میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے اقدامات کریں ۔شہر میں جہاں واٹر اے ٹی ایم‘ سرکاری اسکیمات کے سلسلہ میں شعور بیداری بیانرس و پوسٹرس آویزاں کئے گئے ہیں ان بیانرس اور پوسٹرس پر سے بھی سیاسی قائدن کی تصاویر ہٹانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ جی ایچ ایم سی عملہ کی جانب سے شہر میں میٹرو ریل کے پلر کے علاوہ برقی کھمبوں‘ پارکس کی دیواروں ‘سرکاری دفاتر کی دیواروں پر پوسٹر س کو صاف کیا جا رہاہے ۔ مسٹر دانا کشور نے کہا کہ شہر میں جہاں کہیں سیاسی جماعتوں کے غیر مجاز پوسٹر س و بیانرس نظر آئیں گے انہیں ہٹانے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہو ںنے خانگی عمارتوں پر پوسٹرس و بیانرس کی گنتی اور ویڈیو گرافی کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ سوشل میڈیا کے اس دور میں انتخابات کے دوران کی جانے والی بدعنوانیوں کے انکشاف کیلئے عوام کے ہاتھ میں ہتھیار موجود ہے اسی لئے عہدیداروں کو چوکس و چوکنا رہنے کی تاکید کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ اگر وہ کسی وجہ سے انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ میں ناکام ہوجاتے ہیں اور یہ تصاویر و ویڈیو سوشل میڈیا پر پہنچنے لگیں تو عہدیداروں وملازمین کے متعلق عوام میں غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں اور عوام کے اعتماد کی برقراری کیلئے انتخابی عملہ کو اپنی ذمہ داری کو بہتر انداز میں نبھانے کے علاوہ غیر جانداری کے ساتھ انجام دینے پر توجہ مبذول کرنی چاہئے ۔