شہر میں سڑکوں کی مرمت کیلئے 79 ٹیموں کی تشکیل

عہدیداروں کے ساتھ اجلاس ۔ جنگی خطوط پر کام انجام دینے عہدیداروں کو مئیر کی ہدایت
حیدرآباد 17 جولائی (سیاست نیوز) میئر بی رام موہن نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں سڑکوں کی مرمت کے لئے 79 ٹیمیں تشکیل دی اور جنگی خطوط پر مرمتی کام انجام دینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ تھوڑی سی بارش سے شہر کے کئی مقامات پر سڑکیں ناکارہ ہوگئیں جگہ جگہ سڑکوں پر بڑے بڑے کھڈ پڑگئے ہیں جس سے عوام کو کافی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ میئر بی رام موہن نے خستہ سڑکوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس طلب کیا جس میں جی ایچ ایم سی، ایچ آر ڈی سی کے انجینئرس کے ساتھ جے این ٹی یو، عثمانیہ یونیورسٹیز کے پروفیسرس نے بھی شرکت کی۔ میئر حیدرآباد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہر حیدرآباد میں 9 ہزار کیلو میٹر تک سڑکیں ہیں جن میں 320 کیلو میٹر سڑکیں ایچ آر ڈی سی ایل کی زیرنگرانی ہیں۔ گزشتہ سال یکم جولائی سے اب تک شہر کی سڑکوں پر 3141 گڑھے پڑگئے ہیں جن میں 772 گڑھوں کو بھر دیا گیا ہے۔ مابقی گڑھوں کو 2 دن میں بھر دیا جائے گا۔ یکم تا 30 جون 2017 ء تک 50,100 پاٹ ہولس کو بھرا گیا ہے۔ جی ایچ ایم سی کے حدود میں سڑکوں کی مرمت کے لئے 79 ٹیمیں تشکیل دی گئیں جو بارش سے ناکارہ ہونے والی سڑکوں کی فوری مرمت کریں گے۔ گڑھوں کو بھرنے کے لئے تین منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے۔ ہر دن انجینئرس اپنے اپنے علاقوں میں عوامی منتخب نمائندوں کے ساتھ دورہ کرتے ہوئے سڑکوں کا معائنہ کریں گے جو سڑکیں ناکارہ ہوئی انھیں فوری مرمت کیا جائے گا۔ میٹرو واٹر ورکس اور میٹرو ریل کی جانب سے کھودی گئی سڑکوں کی فوری مرمت کرنے کی انھیں ہدایت دے دی گئی ہے۔ میئر حیدرآباد نے کہاکہ آئندہ تین ماہ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ ایل اینڈ ٹی، واٹر بورڈ، بی ایس این ایل شعبوں کے انجینئرس کا خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے سڑکوں کی کھدوائی اور گڑھے بھرنے کے لئے خصوصی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔