شہر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا فیصلہ

حیدرآباد۔/5ستمبر، ( سیاست نیوز) میئر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد جناب محمد ماجد حسین نے آج شہر کی سڑکوں کی مرمت و بہتری کے کاموں کا جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انجینئر اِن چیف، چیف انجینئر اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے 5کروڑ سے کم لاگت کی 34سڑکوں کے مرمتی کاموں کیلئے 81.67کروڑ کے تخمینہ کے ٹنڈرس کی طلبی کے عمل کو جاریہ ماہ مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ میئر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کے تعمیری کاموں کے تخمینہ جات کو حکومت سے رجوع کرنے کے متعلق تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ 150کروڑ سے زائد کے کاموں کو حکومت سے رجوع کرتے ہوئے ترجیحی اساس پر ٹنڈرس کی طلبی اور کاموں کی منظوری پر توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 60.05کروڑ کے بی ٹی روڈ کے تعمیری کاموں کو حکومت کے احکام کی حصولی کے فوری بعد شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے جائزہ اجلاس کے دوران بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں سڑکوں کی مرمت و بہتری کے علاوہ تعمیر کے سلسلہ میں 292کروڑ منصوبہ جات کو ترجیحی اساس پر منظوری دیتے ہوئے مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ اسٹینڈنگ کمیٹی اجلاس کے دوران 50نئے فوڈ سنٹرس کو قطعیت دی جائے گی۔ علاوہ ازیں آئندہ دس تا پندرہ یوم کے دوران صاف و شفاف پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے واٹر پلانٹس کے ٹنڈرس کی طلبی کا عمل مکمل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ یہ پلانٹس تمام 150 بلدی ڈیویژنس میں نصب کئے جائیں گے۔