جی ایچ ایم سی اسٹانڈنگ کمیٹی اجلاس میں فیصلے، میئر و کمشنر ، ارکان کمیٹی کی شرکت
حیدرآباد 6 نومبر (سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی اسٹانڈنگ کمیٹی کا اجلاس میئر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر ماجد حسین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں اسٹانڈنگ کمیٹی ارکان کے علاوہ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر سومیش کمار موجود تھے۔ اجلاس کے ایجنڈہ میں موجود تقریباً تمام کاموں کو منظوری دے دی گئی۔ اسٹانڈنگ کمیٹی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے چارمینار تا فلک نما 80 فیٹ کشادہ سڑک کی تعمیر کے لئے 51 لاکھ 30 ہزار 872 روپئے کی منظوری دے دی ہے جس میں دو عمارتوں کے متاثر ہونے کی رقم شامل ہے۔ اِسی طرح بلدیہ کی جانب سے کئے گئے نائٹ شلٹرس کے اعلان کے مطابق اسٹانڈنگ کمیٹی نے نیلوفر ہاسپٹل میں 2 کروڑ 60 ہزار کی لاگت سے نائٹ شیلٹر کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے اور ای این ٹی ہاسپٹل کوٹھی میں 2 کروڑ 90 لاکھ روپئے کی لاگت سے نائٹ شیلٹر کی تعمیر کو منظوری دیتے ہوئے بلدیہ کے اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نظام انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس (نمس) میں نائٹ شیلٹر کی تعمیر کے لئے 2 کروڑ 61 لاکھ روپئے کی منظوری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح عثمانیہ ہاسپٹل میں 2 کروڑ 77 لاکھ روپئے کی لاگت سے نائٹ شیلٹر کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ایک کروڑ 42 لاکھ کی لاگت سے پیٹلہ برج زچگی خانہ میں نائٹ شیلٹر تعمیر کیا جائے گا جبکہ سلطان بازار زچگی خانہ میں ایک کروڑ 95 لاکھ کی لاگت سے نائٹ شیلٹر کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ گاندھی ہاسپٹل میں نائٹ شیلٹر کی تعمیر کے لئے 92 لاکھ 71 ہزار روپئے خرچ کرنے کا منصوبہ ہے۔ مولا علی میں ریمپ کی تعمیر کے سلسلہ میں جاری کردہ احکام کو قابل عمل بنانے کیلئے ازسرنو غور کردہ بجٹ 2 کروڑ 20 لاکھ روپئے کی منظوری کیلئے بلدی اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پرانے شہر کے علاقہ گولی پورہ میں سابق رکن پارلیمنٹ اے نریندرا کے نام سے اسپورٹس کامپلکس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر 2 کروڑ 45 لاکھ روپئے خرچ کرنے کا منصوبہ ہے۔ اِس کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے دیگر تعمیری و ترقیاتی کاموں کے علاوہ کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو توسیع دینے کے فیصلے بھی کئے گئے ہیں۔