شہر میں سوائن فلو کی وباء

سوائن فلو ، گھبرانے کی بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے ماہرین کا مشورہ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اور پڑوسی ریاست آندھرا میں سوائن فلو کے مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے لیکن ماہرین نے خوف و ہراس یا پریشانی کی بجائے احتیاطی تدابیر جاری کرتے ہوئے خود کو مہلک مرض سے محفوظ رہنے عوام کو مشورہ دیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت جہاں ایک جانب سوائن فلو کے مریضوں کے بہتر علاج کے لیے انتظامات میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے وہیں چائیلڈ ہیلتھ اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ ( این آئی سی ایچ ڈی ) کی جانب سے تحقیقی رپورٹ جاری کی گئی ہے ۔ جس میں کہا گیا ہے سوائن فلو H1N1 نامی وائرس سے ایک شخص سے دوسرے شخص میں پھیلتا ہے اور موسم سرما میں اس وائرس کو پنپـنے کا سنہری موقع ملتا ہے ۔ ماہرین نے کہا ہے کہ سردی کی وجہ سے سوائن فلو سے متاثر ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور سوائن فلو کی عام علامتوں میں متاثرہ شخص کھانسی ، بخار ، ٹھنڈا پسینہ ، جسم میں درد ، سردرد ، تھکان ، گلے میں خراش ، قئے اور ناک کا بہنا قابل ذکر ہیں ۔ ماہرین نے کہا ہے کہ سوائن فلو سے گھبرانے کی ضرورت نہیں کیوں کہ ایک جانب جہاں سوائن فلو سے صحت یابی کی ادویات موجود ہیں وہیں آسان احتیاطی تدابیر بھی موجود ہیں جنہیں اختیار کرتے ہوئے خود کو صحت مند رکھا جاسکتا ہے ۔ ان افراد سے زیادہ میل جول نہ رکھیں جو کہ کھانسی ، سردی اور بخار کے علاوہ سوائن فلو کی علامتوں میں مبتلا ہیں  اور جو افراد بیمار ہیں وہ عوامی محفلوں میں شرکت سے گریز کریں ۔ چھینکتے یا کھانستے وقت اپنے منہ اور ناک کو کپڑے سے ڈھانک لیں ۔ ہاتھوں کو وقتاً فوقتاً دھویں اور صابن کا استعمال زیادہ بہتر ہوگا ۔ نیند پوری کریں ۔ تغذیہ بخش غذاؤں کا استعمال کریں جس میں پھل اور ترکاریاں زیادہ ہوں ۔ پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں ۔۔

 

سوائن فلو سے مزید 11 افراد متاثر
حیدرآباد یکم فروری (یواین آئی )تلنگانہ میں سوائن فلو کی دہشت جاری ہے ۔ گاندھی اسپتال سے سوائن فلو کی علامات پر 65 تا 70 افراد رجوع ہوئے جن میں سے 11افراد اس بیماری سے مثبت پائے گئے ۔ ان میں 5 کی موت ہوگئی اور تین مشتبہ معاملات درج کئے گئے جبکہ دو افراد مثبت علامات کے ساتھ اسپتال میں زیر علاج ہیں جن کا مناسب طبی علاج کیا جارہا ہے ۔ ریاستی حکومت نے اپنے بلیٹن میں کہا کہ یکم اگست سے 3533 نمونوں کی جانچ کی گئی ۔ سوائن فلو کے مریضوں کو علحدہ وارڈ میں رکھا جارہا ہے ۔ سردی کی شدت کے سبب ایسے معاملات درج کئے جارہے ہیں۔ کئی مریض پرائیویٹ اور سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔