شہر میں سوائن فلو کی وباء ، عوام کو احتیاط برتنے کا مشورہ

حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز): ڈائرکٹر آئی پی یم و سپرنٹنڈنٹ فیور ہاسپٹل ڈاکٹر کے شنکر نے بتایا کہ شہر میں سوائن فلو تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ اور تاحال کئی افراد اس مرض میں مبتلا ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام حفاظتی و اقدامات کو اپناتے ہوئے اس مرض سے بچ سکتے ہیں ۔ بھاری ہجوم والے مقامات پر سوائن فلو کے اثرات زیادہ ہوتے ہیں اور سوائن فلو کے کیسیس گزشتہ ماہ سے ہی ظاہر ہورہے ہیں تاحال 10 کیسیس درج کئے گئے ۔ سوائن فلو کے نمونوں کی جانچ آئی پی ایم فیور ہاسپٹل نلہ کنٹہ میں کرنے کی سہولت ہے جب کہ پرائیوٹ ہاسپٹل سے آنے والے نمونوں کی جانچ صرف اتوار کو ہی کی جاتی ہے ، ڈاکٹر شنکر نے مزید بتایا کہ فی الحال زیادہ تر نمونے جانچ کے لیے ریاست کے اضلاع ورنگل ، محبوب نگر اور شہر سے عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹلوں سے آئی پی ایم کو رجوع ہورہے ہیں ۔ گذشتہ ماہ پرائیوٹ دواخانوں سے جانچ کے لیے آنے والے نمونوں کی جانچ سے 10 افراد کو سوائن فلو لاحق ہونے کی تصدیق ہوئی تھی ۔ جب کہ اکٹوبر کے علاوہ نومبر اور دسمبر میں سوائن فلو کے اثرات میں شدید اضافہ کا امکان ہے ۔ سوائن فلو کی ادویات حکومت کی جانب سے تمام سرکاری دواخانوں میں مہیا کئے گئے ہیں ۔ اگر کسی مریض کو سوائن فلو ہونے کی تصدیق ہوتی ہے تو فوری طور پر ڈاکٹرس سے رجوع ہو کر علاج کروائیں ۔۔