شہر میں دو پارکس اور ٹولی چوکی فلائی اوور ، تکمیل کے باوجود افتتاح میں پہلوتہی

چیف منسٹر کو افتتاح کرنے کا وقت نہیں ، ترقیاتی کام تباہی کے دہانے پر
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : شہر میں ہوئے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے باوجود انہیں عوام کے لیے بحال نہ کرنا ان ترقیاتی کاموں کو تباہ کرنے کے مترادف ثابت ہورہا ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر میں کئی پراجکٹس کو مکمل کرلیے جانے کے باوجود ان پراجکٹس کو عوام کے استعمال کے لیے کھولا نہیں گیا اورا س کی وجہ بتائی جارہی ہے کہ ان تکمیل شدہ پراجکٹس کا افتتاح انجام دینے کے لیے چیف منسٹر کے پاس وقت نہیں ہے ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب شہر میں دو پارک اور ٹولی چوکی فلائی اوور مکمل طور پر تیار ہے جن کے باضابطہ افتتاح کے بعد اسے عوام کے لیے کھولاجاسکتا ہے ۔ علاوہ ازیں شمشان کو ماڈرن بنانے کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے ۔ کے بی آر پارک کے قریب جاپانی پارک کے کاموں کا آغاز دو برس قبل کیا گیا تھا اور اب یہ پارک پوری طرح سے افتتاح کے لیے تیار ہے اور اسی طرح 2012 سے جاری پراجکٹ جوراسک پارک کا بھی عملی تعمیری کام 2013 میں شروع کیا گیا تھا وہ بھی مکمل کرلیا گیا ہے لیکن اس کا بھی افتتاح انجام نہیں دیا گیا ۔ یہی صورتحال ٹولی چوکی فلائی اوور کی بھی ہے ۔ زائد از تین برس کی مشکلات اور عوام کو شدید تکالیف کے بعد اس فلائی اوور برج کی تعمیر مکمل ہوئی لیکن ایک ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ٹولی چوکی فلائی اوور کو عوام کے لیے کھولا نہیں گیا ۔ ٹولی چوکی کی اس مصروف ترین سڑک سے گزرنے والے گزشتہ تین برسوں سے یہ سونچ کر تکالیف برداشت کرتے رہے کہ جب فلائی اوور مکمل ہوجائے گا تو بڑی راحت حاصل ہوگی لیکن یہ فلائی اوور جس کی تعمیر کے لیے نہ صرف تکالیف کا سامنا کرنا پڑا ہے بلکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے اس پر کروڑہا روپئے خرچ کئے ہیں لیکن اس کے باوجود فلائی اوور عوام کے لیے رحمت کے بجائے زحمت کا باعث بنا ہوا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان پراجکٹس کے افتتاح کے لیے حکومت کی جانب سے واستو کے ماہر سے وقت طلب کیا جارہا ہے اور ماہر واستو کی جانب سے ہری جھنڈی کے بعد ہی چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ان پراجکٹس کے افتتاح کی تاریح کو منظوری دیں گے ۔ ریاست تلنگانہ میں نئے پراجکٹس کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے چیف منسٹر اضلاع کا دورہ کررہے ہیں لیکن شہر حیدرآباد جو کہ ریاست کا صدر مقام ہے اس علاقہ میں ہوئے ترقیاتی اقدامات کے افتتاح کے لیے حکومت کو وقت نکالتے ہوئے تکمیل شدہ پراجکٹس کو عوام کے لیے کھول دینے میں عجلت کرنی چاہئے تاکہ عوام اس سے استفادہ کرسکیں ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب ان پراجکٹس کا افتتاح اور نئے پراجکٹس کا سنگ بنیاد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے اعلامیہ کے اعلان سے کچھ یوم قبل کئے جانے کی منصوبہ بندی ہے تاکہ شہری علاقوں میں رہنے والے رائے دہندوں کے ذہنوں پر اثر انداز ہوسکیں ۔۔