3 افراد متاثر ، مزید دو افراد کارپوریٹ دواخانہ میں زیر علاج
حیدرآباد یکم / ستمبر ( سیاست نیوز ) شہر میں ایک مرتبہ پھر سوائن فلو کی وباء کے خطرات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ لیکن محکمہ صحت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کرفی الحال ایسی کوئی ہنگامی صورتحال نہیں ہے جس سے خوفزدہ ہوں ۔ گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران سوائن فلو سے متاثرہ 3 افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں ایک مریض کا گاندھی ہاسپٹل میں سخت نگہداشت والے شعبہ میں علاج جاری ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مزید دو افراد شہر کے کارپوریٹ ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں اور تینوں مریضوں کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔ ذرائع کے بموجب گذشتہ ماہ پیشکرالو کے دوران عوام کے کثیر تعداد میں اکٹھا ہونے کے باعث اس وباء کے پھوٹ پڑنے کے اندیشے ظاہر کئے جارہے ہیں ۔ سرکاری عہدیداروں کے بموجب ریاست میں وباء کے تیز پھیلنے کے کوئی امکان نہیں ہیں لیکن محکمہ جاتی سطح پر تمام احتیاط کی جارہی ہے ۔ ڈاکٹر نرسمہلو نوڈل آفیسر گاندھی ہاسپٹل کے بموجب عوام میں شعور بیداری کیلئے پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں تاکہ عوام غیر ضروری خوف و خدشات کا شکار نہ ہوں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گاندھی ہاسپٹل میں سوائن فلو کے مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج و معالجہ کیلئے خصوصی نگہداشت والا کمرہ بتارہے تاکہ مریض کی ابتدائی علامات کے ظاہر ہوتے ہی اس کے علاج کو یقینی بنایا جاسکے ۔ سوائن فلو سے بچنے کیلئے یہ ضروری ہے صاف صفائی کو یقینی بنایا جائے اور اطراف و کناف کے علاقوں میں گندگی پھیلنے نہ دی جائے ۔ شہر حیدرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو بھی فوری طور پر متحرک ہوئے شہر میں روزانہ کچرے کی نکاسی کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے چاہئے تاکہ شہریوں کی صحت کی حفاظت ممکن ہوسکے ۔