شہر میں جشن ولادت مولائے کائنات،جلوس و جلسہ، محافل منقبت، خصوصی روشنیوں کا استعمال

حیدرآباد۔یکم۔اپریل(سیاست نیوز) شہر میں جشن ولادت مولائے کائینات حضرت علی المرتضی کرم اللہ وجہہ انتہائی جوش و خروش ‘ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔پرانے شہر کے علاقوں یاقوت پورہ‘ منڈی میر عالم‘ اعتبار چوک‘ دارالشفاء‘ دبیر پورہ کے علاوہ کوہ مولیٰ علی پر جشن کے مناظر دیکھے گئے ۔13رجب المرجب کی شب سے شہر کے مختلف علاقوں میں جشن ولادت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ کا اہتمام شروع ہوگیا وار شہر کی بیشتر خانقاہوں اور بارگاہوں میں محافل منقبت و جشن کا اہتمام کیا گیا۔ شہر کے کئی مقامات پر رات بھر جشن جاری رہا ۔ 13رجب المرجب کو پرانی حویلی کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں سے کوہ مولیٰ علی تک جلوس سہرۂ مبارک نکالے گئے ۔ مختلف مقامات پر جلوس کے استقبال کے سلسلہ میں شہ نشین نصب کئے گئے تھے جہاں سے جلوس جشن ولادت کا استقبال کیا گیا ۔ خانقاہوں میں محافل منقبت کے انعقاد کے ساتھ جشن ولادت حضرت علی ؓ کا اہتمام کیا گیا اور کئی مقامات پر تناول تبرک کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ شہر حیدرآباد میں روایتی انداز میں مختلف مقامات پر سرخ پرچم لگائے گئے اور گلزار حوض پر بھی سرخ پرچموں کے ذریعہ سجاوٹ کی گئی تھی۔ کوہ مولیٰ علی پر جشن ولادت کی مناسبت سے خصوصی روشنیوں اور سجاوٹ کے انتظامات کئے گئے تھے اور زائرین کی سہولت کے لئے بھاری بندوبست بھی کیا گیا تھا۔صدر مجلس بچاؤ تحریک جناب مجید اللہ خان فرحت نے یاقوت پورہ میں جشن ولادت حضرت علی ؓ کے جلوس کا استقبال کیا اور شرکاء کو مبارکباد پیش کی ۔ اس علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے بھی جلوس کا خیر مقدم کیا گیا ۔