کلکٹر حیدرآباد کی جانب سے احکام کی اجرائی ۔ خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرنے کا انتباہ
حیدرآباد ۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں گنیش تہوار اور عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کی قربانی پر کلکٹر حیدرآباد راہول بوجا نے امتناع عائد کرتے ہوئے احکام جاری کئے۔ دفتر کلکٹر سے جاری پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے قانون انسداد ذبیحہ گاؤ و تحفظ حیوانات کے تحت جانوروں کی قربانی پر امتناع عائد کیا گیا ہے اور اس قانون پر عمل آوری کیلئے ضلع انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ کلکٹر نے اپنے بیان میں بتایا کہ جاریہ ماہ گنیش تہوار اور بقرعید کے پیش نظر ضلع حیدرآباد میں جانوروں کی قربانی پر امتناع عائد کیا جارہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مسلخ کے ذمہ داروں کو بھی اس سلسلہ میں آگاہ کردیا گیا ہے۔ جانوروں کے علاوہ پرندوں کو مذہبی مقامات یا عوامی مقامات پر قربانی دینے یا اُس کی نمائش کرنا قانوناً جرم ہے۔ 17 تا 27 ستمبر گنیش تہوار منعقد ہورہا ہے اور 24 ستمبر کو عیدالاضحی بھی ہے اور اس موقع پر احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہے۔ غیر قانونی طور پر جانوروں اور پرندوں کی منتقلی کی روک تھام کیلئے ویجلنس کے ذریعہ کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مذکورہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ کلکٹر حیدرآباد نے مزید بتایا کہ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق مذہبی مقامات یا عوامی مقامات پر قربانی کی اجازت نہیں ہے اور خلاف ورزی کرنے والے قصورواروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ اپنے احکام میں کلکٹر نے یہ بھی واقف کرایا کہ مذہبی مقامات پر قربانی کیلئے اجازت بھی دینا غیر قانونی ہے۔ کلکٹر حیدرآباد نے پولیس عہدیداروں کو بھی اس سلسلہ میں ہدایات جاری کی ہے کہ اِس قسم کے واقعات رونما ہونے پر فوری کارروائی کریں۔