شہر میں تلنگانہ پرجا سمیتی کی کچرا صفائی احتجاجی مہم

عام آدمی کو مسائل اور امراض سے بچانے کچرا نکاسی پر توجہ
حیدرآباد ۔ 10 اگست (پریس نوٹ) تلنگانہ پرجاسمیتی نے کلین اینڈ گرین حیدرآباد مہم کے حصہ کے طور پر آج ریجنل پاسپورٹ آفس کے اطراف کچرا کرکٹ کو صاف کرتے ہوئے احتجاجاً کچرے کو ڈپٹی کمشنر جی ایچ ایم سی ای ڈی وجے راجو کو ایس پی روڈ سکندرآباد میں واقع دفتر زونل جی ایچ ایم سی پر پیش کیا۔ تلنگانہ پرجا سمیتی نے 3 اگست کو کلین اینڈ گرین حیدرآباد مہم کا آغاز کیا۔ اس سلسلہ میں نامپلی اسٹیشن کے اطراف کچرے کو صاف کرتے ہوئے اس کو دفتر جی ایچ ایم سی کمشنر واقع آدرش نگر لے جایا گیا۔ اس پروگرام پر بات کرتے ہوئے نیرا کمار ورکنگ صدر تلنگانہ پرجا سمیتی نے کہا کہ شہر کی صاف صفائی کی صورتحال دگرگوں ہے جبکہ سڑکوں پر کچرا ہے اور چند علاقوں میں ڈرینج کا پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے جس سے ایک عام آدمی کی زندگی مشکلات کی شکار ہے۔ ہمارا مقصد کچرے کی صفائی انتظامات پر جی ایچ ایم سی کو شرم دلانا ہے جنہوں نے اس پروگرام میں شرکت کی ان میں نیرا کمار ورکنگ صدر ٹی پی ایس، جی سداپا جنرل سکریٹری ٹی پی ایس، جلال الدین نائب صدر ٹی پی ایس اور دیگر ٹی پی ایس عہدیدار این وینکٹیشم چاری، نرسمہاچاری، گیانیشور، گریدھر صدر بھونگیر اور دیگر پارٹی ارکان نے شرکت کی۔ بتایا گیا کہ شہر کے منتخبہ علاقوں میں ہر ہفتہ کچرا صفائی مہم جاری رہے گی اور جمع کئے گئے کچرے کو جی ایچ ایم سی کمشنران کو اس وقت تک پیش کیا جائے گا جب تک بلدیہ اپنی ذمہ داریوں کو محسوس نہیں کرتا۔