کمشنر و اسپیشل آفیسر جی ایچ ایم سی کادیگر محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ دورہ
حیدرآباد۔/20ڈسمبر، ( آئی این این ) جی ایچ ایم سی اسپیشل آفیسر مسٹر سومیش کمار اور دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے یکم جنوری سے راہگیروں کیلئے بند کی جانے والی سڑکوں اور علاقوں کا آج دورہ کیا اورمتبادل راستوں پر بھی غور و خوض کیا۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر سجاتا ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ( ٹریفک ) جتیندر اور انچارج کلکٹر سنجیویا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمشنر و اسپیشل آفیسر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ دورہ کا مقصد مجوزہ تبدیل کئے جانے والے راستوں سے عوام کو ہونے والی تکلیف کا جائزہ لینا اور اس کو حل کرنا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عوام کو کسی بھی مشکلات سے بچانے کیلئے متبادل انتظامات کی مساعی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متبادل راستے عوام کیلئے ناکافی ثابت ہونے کا امکان ہے کیونکہ بھاری ٹریفک سے مشکلات اور تکلیف کا سامنا ممکن ہے۔ اسپیشل آفیسر بلدیہ سومیش کمار نے بتایا کہ کنٹونمنٹ علاقہ میں 100فٹ کے بجائے 60 فٹ کی سڑک متبادل راستہ ناکافی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اندرون 18 ماہ سڑکوں کی تعمیر اور مرمت مکمل کرکے آرمی کے حوالے کردیا جائے گا۔ کنٹونمنٹ کے سی ای او نے بتایا کہ کنٹونمنٹ علاقہ میں کم از کم دو لاکھ افراد کی یومیہ آمدورفت ہوتی ہے۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس ( ٹریفک ) نے بتایا کہ سڑک ناکافی ثابت ہورہی ہے کیونکہ موجودہ سڑک کی تعمیر ہوکر تقریباً ایک سو سال ہوچکے ہیں اگر موجودہ سڑک کو بند کردیا جائے تو لاکھوں افراد کو تکالیف کا سامنا ہوگا۔ جی ایچ ایم سی انجینئر اِن چیف گوردھن سنگھ اور دیگر سینئر عہدیداران، ٹریفک پولیس اور کنٹونمنٹ بورڈ کے عہدیداروں نے اس موقع پر اس مسئلہ کے حل سے متعلق غور و خوض کیا ہے۔