شہر میں بچوں کو پکڑنے کی افواہیں مسترد

عوام مطمئن رہیں تشویش کی کوئی بات نہیں: ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی
حیدرآباد۔یکم جون، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے شہر میں بچوں کے اغوا کیلئے مختلف گروہ کے سرگرم ہونے سے متعلق اطلاعات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس مکمل چوکسی برقرار رکھے ہوئے ہے اور اس طرح کی کسی بھی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ رمضان المبارک کے پیش نظر پولیس کے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں اور ہر علاقہ میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ نظر رکھی گئی ہے۔ شہر کا کوئی بھی علاقہ ایسا نہیں جو سی سی ٹی وی کیمرہ کی نظر سے بچ سکے۔ بچوں کو پکڑنے کی افواہوں پر دھیان دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ حیدرآباد میں اس طرح کا ایک بھی واقعہ پیش نہیں آیا۔ محمود علی نے کہا کہ رمضان المبارک میں مانگنے کیلئے دوسری ریاستوں سے بڑی تعداد میں غریب اور گداگر حیدرآباد کا رُخ کرتے ہیں ان پر شبہ کرتے ہوئے مار پیٹ کرنا ٹھیک نہیں۔ دوسری ریاستوں سے آنے والے افراد مقامی زبان سے واقف نہیں ہوتے اور وہ راستوں سے بھی انجان ہوتے ہیں ان کی پریشانی کا مطلب یہ نہیں کہ وہ بچوں کو پکڑنے آئے ہیں۔ چونکہ حیدرآباد خیر خیرات اور سخاوت میں اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے لہذا دیگر ریاستوں سے غریب خاندان بڑی اُمید سے حیدرآباد پہنچتے ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی حسب استطاعت ان غریب خاندانوں کی مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں بچوں کو پکڑنے کے کسی گروہ کے سرگرم ہونے کا امکان نہیں ہے اور بے خوف اور اطمینان سے رمضان المبارک گذاریں۔ پولیس عوامی مقامات اور ریلوے اسٹیشنوں پر خصوصی نگرانی کررہی ہے۔ محمود علی نے عوام سے اپیل کی کہ اس ماہ مقدس میں بلا لحاظ مذہب و ملت غریبوں کی مدد کریں۔ خوشی سے خیر خیرات کرتے ہوئے عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔ اسلام نے زکوٰۃ کے ذریعہ غریبوں کی مدد کا حکم دیا ہے اور اس فریضہ کی ادائیگی سے غریبوں کے گھروں میں خوشیاں لوٹائی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشیل میڈیا میں پھیلائی جارہی افواہوں پر دھیان نہ دیں اور اگر کسی پر شبہ ہو تو اس کی اطلاع پولیس کو دی جائے۔