غریبوں کے چہرے پر مسکراہٹ لانا حکومت کا مقصد، پینے کے پانی کی مؤثر سربراہی ،ارکان اسمبلی کیساتھ کے ٹی آر کا جائزہ اجلاس
ڈبل بیڈ روم مکان غریب خاندان کا اثاثہ ، فروخت نہ کرنے کیلئے رہنمایانہ ہدایات تیار کرنے اندرا کرن ریڈی کی تجویز
حیدرآباد 28 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے شہر کے ارکان اسمبلی کے ساتھ آج ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات اور پینے کے پانی کی سربراہی کا جائزہ لیا۔ وزیر امکنہ اندرا کرن ریڈی، وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی کے علاوہ امکنہ، آبرسانی اور جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں حیدرآباد، رنگاریڈی اور میڑچل اضلاع کے کلکٹرس بھی موجود تھے۔ کے ٹی آر نے کہاکہ ڈبل بیڈ روم کے مکانات کی تعمیر غریب عوام کی زندگی میں خوشحالی آئے گی۔ اِس کام کے لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے بلڈرس کو کئی مراعات دی جارہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بلڈرس تعمیری کاموں کے لئے آگے آرہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ آئندہ مالیاتی سال تک تعمیراتی کام مکمل ہوجائیں گے۔ 16,562 مکانات کی تعمیر کے لئے ٹنڈرس کا عمل مکمل ہوتے ہی کام شروع کیا جاچکا ہے۔ مزید 16 ہزار مکانات کی تعمیر کے لئے بہت جلد ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے جس کے بعد مابقی 70 ہزار مکانات کی تعمیر کے لئے ٹنڈرس کو ایک ساتھ منظوری دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ شہر کے مختلف مقامات پر مکانات کی تعمیر کے لئے بہت جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے شہر کے ارکان اسمبلی سے ڈبل بیڈ روم کے مکانات کی تعمیر میں خصوصی دلچسپی لینے اور اراضیات کی نشاندہی کرنے کی خواہش کی۔ اس کے علاوہ سلم علاقوں میں رہنے والے عوام میں شعور بیدار کرتے ہوئے اِس اہم اسکیم میں حکومت سے تعاون کی اپیل کی۔ اُنھوں نے وزیر ہاؤزنگ اندرا کرن ریڈی کو شہر میں امکنہ کے لئے خصوصی پراجکٹ مینجمنٹ یونٹ قائم کرنے پر زور دیا۔ اندرا کرن ریڈی نے بتایا کہ محکمہ ہاؤزنگ کے اعلیٰ عہدیداروں کو اُنھوں نے ہدایت دی ہے کہ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کریں۔ اُنھوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے شہر میں ایک لاکھ مکانات تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اِس کام کو پورا کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اُنھوں نے شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر مقامات پر بھی امکنہ اسکیم میں تیزی لانے کا تیقن دیا۔ اندرا کرن ریڈی نے کہاکہ غریب عوام کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کے لئے یہ مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں چنانچہ اِسے فروخت سے بچانے اور غریب خاندان کا اثاثہ بنائے رکھنے کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کرنے کی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر سے خواہش کی۔ کے ٹی راما راؤ نے اجلاس میں دونوں شہروں کو پانی کی سربراہی کا بھی جائزہ لیا۔ میٹرو واٹر ورکس کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے مختلف پراجکٹس پر غور و خوض کیا گیا۔ شہر کے مضافاتی علاقوں کی نمائندگی کرنے والے ارکان اسمبلی اور عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ راجندر نگر جے این این آر یو ایم کے تحت پانی کی اسکیم میں تاخیر پر کے ٹی آر نے برہمی ظاہر کی اور سات سال طویل تاخیر کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس معاملہ میں قصوروار پائے جانے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کے ٹی آر نے آؤٹر رنگ روڈ کے علاقوں میں رہنے والے افراد کو بھی پانی کی مؤثر سربراہی یقینی بنانے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ ضلع رنگاریڈی میں ضرورت پڑنے پر ٹینکرس کی خدمات حاصل کی جائے اور جن علاقوں میں سڑکیں خستہ حال ہیں اُس کی بھی جنگی خطوط پر مرمت کی جائے۔